تاریخ اشاعت: September 4, 2026 - 2:01 AM
Pakistan Moves to Regulate Commercial Use of Public Open Spaces as MCI Unveils 2026–27 Policy Framework
پاکستان میں عوامی کھلی جگہوں کے تجارتی استعمال کو ریگولیٹ کرنے کی تیاری، ایم سی آئی نے 27-2026 پالیسی فریم ورک پیش کردیا
▫️اسلام آباد میں تجارتی سرگرمیوں، عوامی رسائی، پیدل آمدورفت، پارکنگ، ٹریفک روانی اور گرین ایریاز کے تحفظ میں توازن قائم کرنے کا منصوبہ
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانپاکستان میں عوامی کھلی جگہوں (open public spaces) کے تجارتی استعمال کو مزید منظم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اوپن سپیس پالیسی 27-2026 کے مجوزہ مسودے پر م...
پاکستان میں عوامی کھلی جگہوں (open public spaces) کے تجارتی استعمال کو مزید منظم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اوپن سپیس پالیسی 27-2026 کے مجوزہ مسودے پر مشاورت شروع کردی ہے۔ اقدام کا مقصد ایسا شفاف ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینا ہے جس کے تحت جائز تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہو، تاہم عوامی رسائی، پیدل آمدورفت، پارکنگ، ٹریفک کی روانی اور اسلام آباد کے گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
مجوزہ پالیسی پر مشاورت عوامی مقامات کے بہتر انتظام اور سرکاری کنٹرول میں موجود کھلی جگہوں کے تجارتی استعمال کو واضح قواعد و ضوابط کے دائرے میں لانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
اس سلسلے میں ایم سی آئی حکام اور ریسٹورنٹ مالکان اور ان کی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان مشاورتی اجلاس ہوا، جس کی صدارت ایم سی آئی کی چیف آفیسر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کی۔ اجلاس میں ایسے عملی ضوابط مرتب کرنے پر غور کیا گیا جو کاروباری اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت اور مخصوص کھلی جگہوں تک شہریوں کی رسائی کو متاثر نہ کریں۔
مجوزہ فریم ورک کے تحت عوامی کھلی جگہیں شہریوں کے لیے قابل رسائی رہیں گی، جبکہ پیدل راستوں، پارکنگ ایریاز یا عوامی گزرگاہوں میں رکاوٹ بننے والے سٹالز، کاؤنٹرز، ڈسپلے، عارضی ڈھانچوں اور دیگر تجارتی تجاوزات کی اجازت نہیں ہوگی۔
پالیسی میں اسلام آباد کے موجودہ گرین ایریاز اور سٹریٹ فرنیچر کے تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ایسے تجارتی ادارے جنہوں نے مقررہ گرین یا کھلی جگہوں کی ساخت یا استعمال میں تبدیلی کی ہے، انہیں متعلقہ جگہ کو منظور شدہ حالت میں بحال کرنے کی ہدایت کی جاسکتی ہے۔
مجوزہ قواعد کا اطلاق بالخصوص ان تجارتی مراکز میں اہمیت رکھتا ہے جہاں ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری اداروں کی جانب سے بیرونی جگہوں پر بیٹھنے کے انتظامات اور ڈسپلے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ایم سی آئی ایسے کاروباری استعمال کے لیے لائسنسنگ نظام متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مقررہ حدود کے اندر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی جاسکے اور پیدل چلنے والوں، گاڑیوں کی آمدورفت اور ہنگامی خدمات کے راستوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
فوری انتظام کے طور پر ایف-10 مرکز کے عوامی سِٹ آؤٹ ایریا کے اطراف موجود ریسٹورنٹس کو دو ہفتوں کے لیے اپنے فرنٹیج پر عارضی آؤٹ ڈور سیٹنگ کی اجازت دی جائے گی۔
یہ عارضی اجازت اس شرط سے مشروط ہوگی کہ پیدل آمدورفت، عوامی رسائی، ٹریفک کی روانی اور ہنگامی راستے بلا رکاوٹ برقرار رہیں۔ دو ہفتوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد سیٹنگ کے انتظامات کو باقاعدہ اوپن اسپیس اور سیٹنگ لائسنسنگ طریقہ کار کے تحت ریگولیٹ کیا جائے گا۔
مجوزہ پالیسی سے تجارتی اداروں کو عوامی جگہوں کے استعمال کے حوالے سے واضح قواعد فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر حکومتی نگرانی بھی مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ اس کا مقصد ان جگہوں کو بتدریج نجی تجارتی توسیع میں تبدیل ہونے سے روکنا بھی ہے جو بنیادی طور پر عوامی استعمال کے لیے مختص ہیں۔
دریں اثنا، انتظامی اصلاحات کے تحت ایم سی آئی کی چیف آفیسر نے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کو کیش لیس، پیپر لیس اور کانٹیکٹ لیس میونسپل انتظامیہ کی جانب منتقلی کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
مجوزہ ڈیجیٹل نظام کے تحت متعلقہ لائسنس، اجازت ناموں اور میونسپل منظوریوں کے لیے درخواستیں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے نامزد آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد دستی طریقہ کار پر انحصار کم، شفافیت میں اضافہ اور شہریوں و کاروباری اداروں کے لیے میونسپل خدمات کو زیادہ مؤثر اور آسان بنانا ہے۔
ایم سی آئی حکام اور ریسٹورنٹ سیکٹر کے نمائندوں نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ حتمی پالیسی میں جائز تجارتی ضروریات کو مدنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ عوامی مفادات کا بھی تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
اوپن اسپیس پالیسی 2026-27 پاکستان کے دیگر شہری علاقوں میں بھی عوامی کھلی جگہوں کے تجارتی استعمال کو منظم کرنے کے لیے ایک مثال بن سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب بڑے شہروں میں پیدل چلنے کے بنیادی ڈھانچے، پارکنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور گرین ایریاز پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
یہ اقدام تجارتی سرگرمیوں اور عوامی اثاثوں کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے تاکہ شہری کھلی جگہیں عوام کے لیے قابل رسائی، فعال اور مفید رہیں۔