تاریخ اشاعت: August 24, 2026 - 12:48 PM
Pakistan’s Energy Sector Circular Debt Climbs to Rs 5.286 Trillion
پاکستان کے توانائی شعبے کا سرکلر ڈیٹ 5 ہزار 286 ارب روپے تک پہنچ گیا
▫️پاکستان کا توانائی شعبہ مسلسل مالی دباؤ کا شکار ہے اور اس کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اصلاحات جاری رکھنا ضروری ہیں: آ ئی ایم ایف
پاکستان کے توانائی شعبے کا مجموعی سرکلر ڈیٹ 5 ہزار 286 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے بجلی اور گیس کے شعبوں پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کی سنگینی ایک بار پھر سامنے آگئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 تک گیس شعبے کا سرکلر ڈیٹ 3 ہزار 611 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اس رقم میں ایک ہزار 839 ارب روپے اصل واجبات جبکہ مزید ایک ہزار 772 ارب روپے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی مد میں شامل ہیں۔
دوسری جانب بجلی شعبے کا سرکلر ڈیٹ جون 2026 تک ایک ہزار 675 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی کے گردشی قرض میں مزید 61 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے پاکستان کے توانائی شعبے کی مالی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شعبہ مسلسل مالی دباؤ کا شکار ہے اور اس کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اصلاحات جاری رکھنا ضروری ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی اور توانائی کے شعبے میں باقاعدہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا عمل جاری رکھا جائے گا جبکہ ایسی بغیر ہدف کے سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا جن سے سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
توانائی شعبے کے بڑھتے گردشی قرض کو پاکستان کی معیشت کیلئے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے اثرات بجلی اور گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں، سرکاری مالیات، صارفین کیلئے نرخوں اور توانائی شعبے میں نئی سرمایہ کاری تک پھیلتے ہیں۔