تاریخ اشاعت: September 3, 2026 - 9:30 AM
Pakistan’s Shariah Compliant Property REIT Attracts Rs 4.5 Billion in Bids, Oversubscribed Eight Times
پاکستان کی شریعہ کمپلائنٹ پراپرٹی رئیٹ میں 4.5 ارب روپے کی پیشکشیں، آٹھ گنا اوور سبسکرائب
▫️25 فیصد شئیر کیلئے عوامی سبسکرپشن 7 اور 8 ستمبر کو ہوگی، REIT کے ذریعے براہِ راست جائیداد خریدے بغیر رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا
کراچی | ری نیوز پاکستانپاکستان میں شریعہ کمپلائنٹ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے شعبے کو اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے، جہاں نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ (NNAR) کی بک بلڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور پیشکش آ...
پاکستان میں شریعہ کمپلائنٹ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے شعبے کو اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے، جہاں نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ (NNAR) کی بک بلڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور پیشکش آٹھ گنا اوور سبسکرائب ہوگئی۔ سکیم کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 4.5 ارب روپے (16.2 ملین ڈالر) کی بولیاں موصول ہوئیں۔
نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ (REIT) کا انتظام عارف حبیب ڈولمن رئیٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کر رہا ہے جبکہ عارف حبیب لمیٹڈ نے لیڈ منیجر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بک بلڈنگ کے عمل کے دوران مضبوط طلب کے نتیجے میں اس پیشکش کے ذریعے ایک ارب روپے (3.6 ملین ڈالر) کی ایکویٹی کامیابی سے حاصل کی گئی۔
سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث رئیٹ کی قیمت 23 روپے فی یونٹ کی بالائی حد تک پہنچ گئی، جو مقررہ فلور پرائس کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار ایسے پیشہ ورانہ انداز میں منظم رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی لے رہے ہیں جن کے ذریعے اپارٹمنٹ، پلاٹ یا کمرشل عمارت براہِ راست خریدے بغیر پراپرٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔
بک بلڈنگ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ کے 25 فیصد شئیر کیلئے عوامی سبسکرپشن 7 اور 8 ستمبر 2026 کو ہوگی، جبکہ باقی 75 فیصد حصہ بک بلڈنگ کے ذریعے مختص کیا گیا ہے۔
نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ ایک ڈویلپمنٹ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے، جو روایتی کرایہ دار پراپرٹی فنڈ سے مختلف ہے۔ اس کے بنیادی منصوبوں میں رہائشی جائیدادوں کی تعمیر اور فروخت شامل ہے، جبکہ ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدن اور منافع رئیٹ اور اس کے یونٹ ہولڈرز کو حاصل ہوگا۔
اس طریقہ کار کے تحت سرمایہ کار بڑے پیمانے پر رہائشی منصوبوں میں رئیٹ یونٹس کے ذریعے حصہ لے سکتے ہیں اور انہیں مکمل اپارٹمنٹ یا پلاٹ خریدنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں پڑتی۔ سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ رئیٹ یونٹس ہونے کے باعث سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کو نسبتاً آسانی سے خرید اور فروخت بھی کرسکتے ہیں، جو براہِ راست اپارٹمنٹ یا پلاٹ کی ملکیت کے مقابلے میں زیادہ لیکویڈیٹی فراہم کرتا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس رئیٹ کو ملنے والا غیر معمولی ردعمل سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ گنا اوور سبسکرپشن اور زیادہ سے زیادہ قیمت پر موصول ہونے والی طلب اس بات کی حوصلہ افزا علامت ہے کہ پاکستان میں بہتر انداز سے تشکیل دیے گئے ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں نمایاں صلاحیت موجود ہے۔
رئیٹ کو اسلامی مالیاتی اصولوں کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت اس کی سرمایہ کاری اور فنانسنگ میں سود اور شریعہ کے تحت ممنوع دیگر سرگرمیوں سے گریز کیا جاتا ہے۔ اس طرح یہ ان سرمایہ کاروں کے لیے پراپرٹی سیکٹر میں ایک متبادل راستہ فراہم کرتا ہے جو شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی مصنوعات کے ذریعے سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اسلامی کیپیٹل مارکیٹ کو وسعت دینے اور شریعہ کمپلائنٹ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے اختتام تک پاکستان میں اسلامی بینکاری کے اثاثے 14.47 ٹریلین روپے (51.9 ارب ڈالر) تک پہنچ چکے تھے، جو ملک کے مجموعی بینکاری اثاثوں کا 22.9 فیصد بنتے ہیں۔
اسلامی فنانس کے فروغ کو اس آئینی تقاضے سے بھی مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے جس کے تحت پاکستان کی معیشت سے سود یا ربا کے خاتمے کی آخری مدت 2027 کے اختتام تک مقرر کی گئی ہے۔ اس صورتحال میں شریعہ کمپلائنٹ بینکاری، سرمایہ کاری اور کیپیٹل مارکیٹ کی مصنوعات کی ترقی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ کے لیے نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ کو ملنے والا مضبوط ردعمل اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے طریقہ کار میں تبدیلی آرہی ہے۔ پاکستان میں جائیداد طویل عرصے سے گھریلو بچت کا ایک اہم ذریعہ رہی ہے، تاہم براہِ راست پراپرٹی خریدنے کے لیے عموماً بھاری سرمایہ درکار ہوتا ہے جبکہ اسے فوری طور پر نقد رقم میں تبدیل کرنا بھی آسان نہیں ہوتا۔
رئیٹ کے ذریعے سرمایہ کار نسبتاً کم سرمایہ کے ساتھ پیشہ ورانہ طور پر منظم پراپرٹی پورٹ فولیو میں حصہ لے سکتے ہیں، جس سے رئیل اسٹیٹ کو ایک قابلِ سرمایہ کاری اثاثے کے طور پر زیادہ وسیع حلقے تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ رئیٹ کے پاس اس وقت کراچی اور لاہور میں تین رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیوز موجود ہیں، جن کی اپریل 2026 تک مجموعی تخمینہ شدہ مالیت تقریباً 20.46 ارب روپے (73.4 ملین ڈالر) تھی۔
رئیٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق کامیاب بک بلڈنگ سے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں رئیٹس کے کردار کو مزید تقویت ملی ہے۔ ایسے منظم رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری منصوبے عام سرمایہ کاروں کے لیے پراپرٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ڈویلپرز کو سرمایہ حاصل کرنے کا متبادل ذریعہ بھی فراہم کرسکتے ہیں۔
7 اور 8 ستمبر کو عوامی سبسکرپشن کے مرحلے کے بعد انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے موصول ہونے والا ردعمل پاکستان میں شریعہ کمپلائنٹ پراپرٹی سرمایہ کاری کی طلب اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں رئیٹس کے بڑھتے ہوئے کردار کے حوالے سے مزید اہم اشارے فراہم کرے گا۔