تاریخ اشاعت: September 14, 2026 - 1:01 PM
PHA Moves to Restore Lahore’s Historic Nehru Park to Its Former Glory
لاہور کے تاریخی نہرو پارک کو اصل شان میں بحال کرنے کا فیصلہ
▫️1929 کے پورنا سوراج ڈیکلریشن سے منسلک اسلام پورہ کے تاریخی پارک کی بڑے پیمانے پر بحالی اور تزئین و آرائش کی جائے گی
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے لاہور کے علاقے کرشن نگر( اسلام پورہ) میں واقع تاریخی نہرو پارک کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے لاہور کے علاقے کرشن نگر( اسلام پورہ) میں واقع تاریخی نہرو پارک کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ صوبائی دارالحکومت میں سینکڑوں کمیونٹی پارکس کی بحالی، تزئین و آرائش اور انہیں شہریوں کے لیے بہتر تفریحی مقامات میں تبدیل کرنے کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے۔
بحالی کے منصوبے کے تحت نہرو پارک میں لینڈ سکیپنگ، انجینئرنگ اور تفریحی سہولیات کی بہتری کے مختلف کام کیے جائیں گے، تاہم اس دوران پارک کی تاریخی حیثیت اور اہمیت کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ مقام تقسیمِ ہند سے قبل برصغیر کی سیاسی تاریخ کے ایک اہم واقعے سے منسلک ہے۔
نہرو پارک کا تاریخی تعلق 1929 میں لاہور میں منعقد ہونے والے انڈین نیشنل کانگریس کے تاریخی اجلاس سے ہے، جس میں 31 دسمبر کو ’’پورنا سوراج‘‘ یعنی مکمل آزادی کی تاریخی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ قرارداد میں برطانوی نوآبادیاتی اقتدار سے مکمل آزادی اور ہندوستان کے لیے مکمل خود مختاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس وقت انڈین نیشنل کانگریس کے صدر جواہر لعل نہرو نے اس اعلان کی مناسبت سے اسی مقام پر ہندوستانی پرچم لہرایا تھا۔ قرارداد میں 1929 کے اعلانِ ارون کے تحت برطانیہ کی جانب سے ڈومینین سٹیٹس کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے مکمل آزادی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس کے بعد شروع ہونے والی سیاسی تحریک 26 جنوری 1930 کے اعلانِ آزادی پر منتج ہوئی اور برطانوی راج کے خاتمے سے قبل آزادی کی تحریک سے وابستہ حلقوں کی جانب سے اس تاریخ کو یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا رہا۔
پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل احمد عثمان جاوید کے مطابق نہرو پارک کی بحالی کے لیے ہارٹیکلچر اور انجینئرنگ سے متعلق مختلف ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جن کا مقصد اس تاریخی مقام کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے اسے نئی شکل دینا اور شہریوں، خصوصاً خاندانوں کے لیے بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ہارٹیکلچر کے تحت پارک میں سرسبز گھاس، موسمی پھول اور مختلف اقسام کے آرائشی پودے لگائے جائیں گے۔ پارک کے اندر اور بیرونی حصوں میں بھی پھولوں اور پودوں کے ذریعے لینڈ سکیپنگ کی جا رہی ہے تاکہ اس کی خوبصورتی اور ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انجینئرنگ کے کاموں میں رات کے وقت روشنی کے لیے جدید لائٹس، شہریوں کے بیٹھنے کے لیے بینچز اور بچوں کے لیے جھولوں کی تنصیب شامل ہے۔ پی ایچ اے پارک کی چار دیواری کی مرمت بھی کر چکی ہے جبکہ کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کرکٹ پویلین بھی قائم کیا گیا ہے۔
تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت پارک میں متعدد آرائشی فوارے بھی نصب کیے جائیں گے، جن سے اس تاریخی مقام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد نہرو پارک کو ایک خوبصورت، محفوظ، قابل رسائی اور خاندان دوست تفریحی مقام بنانا ہے، جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران پارک کی تاریخی شناخت متاثر نہ ہو۔
احمد عثمان جاوید نے کہا، ’’نہرو پارک محض ایک عوامی پارک نہیں بلکہ تاریخی اہمیت کا حامل مقام ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی تاریخی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے شہریوں کے لیے ایک سرسبز اور پُررونق تفریحی مقام کے طور پر بحال کریں۔‘‘
نہرو پارک کی بحالی کا منصوبہ لاہور میں پی ایچ اے کے زیر انتظام چھوٹے کمیونٹی پارکس کی بحالی اور تزئین و آرائش کے وسیع پروگرام کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر بھر میں 800 سے زائد کمیونٹی پارکس کو مرحلہ وار بحال اور بہتر بنایا جائے گا۔
پی ایچ اے نے اس مہم میں طلبہ اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ شہریوں میں گرین ایریاز اور تاریخی اہمیت کے حامل عوامی مقامات کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے ساتھ کمیونٹی کی عملی شرکت کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
نہرو پارک کی بحالی سے ایک جانب برصغیر کی سیاسی تاریخ سے وابستہ ایک اہم مقام کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی جبکہ دوسری جانب اسلام پورہ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو بہتر، سرسبز اور جدید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔