تاریخ اشاعت: July 7, 2026 - 3:00 PM
Punjab Completes 1,129 Roads in 75 Days, Maryam Nawaz Calls Development Pace a National Record
پنجاب میں 75 روز میں 1,129 سڑکیں مکمل، مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو قومی ریکارڈ قرار دے دیا
▫️30 ارب روپے کی لاگت سے 1,795 کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا، روڈ بحالی منصوبوں میں 11 ارب روپے کی بچت، ترقیاتی فنڈز کے 99 فیصد استعمال کی رپورٹ پیش
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں میں ریکارڈ رفتار، اعلیٰ معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں صرف 75 روز کے دوران 1,129 سڑکوں کی تکمیل کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی رفتار کا نیا قومی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں روڈ سیکٹر کے جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں، ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور آئندہ مالی سال کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے "سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں" پروگرام کے تحت دیہی روڈ انفراسٹرکچر میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ صرف 75 دنوں میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 1,129 سڑکیں مکمل کی گئیں، جن کی مجموعی لمبائی 1,795 کلومیٹر ہے۔ رواں سال اپریل سے جولائی کے دوران مجموعی طور پر 6,000 کلومیٹر طویل سڑکوں کا نیٹ ورک مکمل کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ کے گزشتہ ڈھائی سالہ دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی جا چکی ہے۔
بریفنگ کے مطابق روڈ سیکٹر میں ترقیاتی فنڈز کے 99 فیصد استعمال کو یقینی بنایا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ انیشیٹو، لوکل روڈز پروگرام اور تکمیل کے قریب منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کیے گئے۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1,567 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن کے ذریعے 3,400 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے فیلڈ اسٹاف نے تین شفٹوں میں دن رات کام کر کے مقررہ مدت سے قبل متعدد منصوبے مکمل کیے، جبکہ روڈ ریسٹوریشن پروگرام کے دوران مؤثر منصوبہ بندی کے باعث 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 93.5 کلومیٹر طویل ملتان۔وہاڑی ڈوئل روڈ، 24 کلومیٹر طویل فیصل آباد۔چنیوٹ ڈوئل روڈ اور سیاحت کے فروغ کے لیے 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ مکمل کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ روڈ ریسٹوریشن پروگرام فیز ون کی 86 اسکیموں پر 77 فیصد جبکہ فیز ٹو کی 41 اسکیموں پر 31 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکوں کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت چھ نئے بین الاقوامی معیار کے سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جن سے سالانہ تقریباً 500 ملین روپے آمدن متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک مکمل طور پر فعال کیے جائیں، جبکہ رنگ روڈ کی خوبصورتی، ناردرن لوپ کی بحالی اور پنجاب بھر کی شاہراہوں کے انٹری و ایگزٹ پوائنٹس کی بیوٹیفیکیشن پر بھی کام تیز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کی تمام شاہراہوں پر معیاری لین مارکنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے اور صوبے بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کے لیے حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالیاتی پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر کی 42 نئی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، جبکہ لوکل روڈز کے لیے 17 ارب روپے اور وزیراعلیٰ انیشیٹو کے لیے 17.23 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فیصل آباد۔چنیوٹ فیز ٹو سمیت مجموعی طور پر 907 ترقیاتی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ مقامی سڑکوں کی فوری تعمیر و بحالی اور سابق حکومتوں کے دور کی نامکمل سڑکوں کو 14 ارب روپے سے مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر پیش کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے مقررہ مدت میں منصوبے مکمل کرنے پر محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔