تاریخ اشاعت: July 22, 2026 - 10:50 AM
Punjab Government Makes Digital Property Certificates Mandatory for Housing Societies, Sets August 31, 2026 as Deadline
حکومت پنجاب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیلئے ڈیجیٹل پراپرٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا، 31 اگست 2026 ڈیڈ لائن مقرر کردی
▫️منصوبے کا لاہور سے آ غاز، تمام سرکاری اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم پر مکمل ریکارڈ منتقل کرنے کا حکم، مقررہ تاریخ کے بعد قانونی کارروائی کا انتباہ
پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں جائیداد کی خرید و فروخت کو زیادہ محفوظ، شفاف اور دستاویزی بنانے کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا باقاعدہ نفاذ شروع کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ لاہور سے شروع کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی خرید و فروخت، الاٹمنٹ اور ملکیتی ریکارڈ 31 اگست 2026 تک ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کریں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق آئندہ کسی بھی پلاٹ یا مکان کی ملکیت کے قانونی ثبوت کے طور پر پراپرٹی سرٹیفکیٹ کو بنیادی دستاویز تسلیم کیا جائے گا۔ اس سرٹیفکیٹ کے بغیر ہونے والی جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی قانونی حیثیت نہیں رکھے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ جدید ڈیجیٹل نظام نادرا کے شناختی ریکارڈ، پنجاب کے ای رجسٹری پورٹل اور ڈیجیٹل میپنگ سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس انضمام کا مقصد جائیداد سے متعلق جعلی دستاویزات، ڈبل الاٹمنٹ، بوگس فائلوں اور ملکیت کے تنازعات کو کم کرنا اور لین دین کے عمل کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔
پنجاب حکومت نے تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک مکمل ریکارڈ پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ مقررہ مدت گزرنے کے بعد ریکارڈ منتقل نہ کرنے والی سوسائٹیوں کے خلاف ایل ڈی اے ایکٹ 1975 کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق قانونی کارروائی میں متعلقہ دفاتر کو سیل کرنا، انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرنا اور دیگر قانونی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
حکومتی ترجمان نے بتایا کہ لاہور کی متعدد بڑی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں نے پہلے ہی اپنا ریکارڈ نئے ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ باقی اضلاع کی سوسائٹیوں کو جلد از جلد اس عمل کی تکمیل کی ہدایت اور وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق نئے نظام کے نفاذ سے جائیداد خریدنے والے افراد کے لیے ملکیت کی تصدیق آسان ہوگی، فراڈ کے امکانات کم ہوں گے اور ہاؤسنگ سیکٹر میں ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے شفافیت کو فروغ ملے گا۔