تاریخ اشاعت: July 14, 2026 - 2:30 PM
Punjab Increases Fees for Fard, Mutation, Property Registration and Other Land Record Documents, Notification Issued
پنجاب میں فرد، انتقال، رجسٹری سمیت دیگر اراضی دستاویزات کی فیسیں بڑھا دی گئیں، نوٹیفکیشن جاری
▫️گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کی فیس 800 روپے، لینڈ ریکارڈ کی مخصوص نقل کی فیس 5 ہزار روپے اور رجسٹرڈ دستاویز کی مصدقہ نقل کی فیس 1400 روپے مقرر کی گئی ہے
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے نئے مالی سال کیلئے جائیداد کی خرید و فروخت، اراضی کی رجسٹریشن اور مختلف لینڈ ریکارڈ خدمات کی نظرثانی شدہ فیسیں نافذ کر دی ہیں۔
پی ایل آر اے کے جاری کردہ نئے فیس شیڈول کے مطابق ریونیو عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کی فیس 3 ہزار 500 روپے فی کیس جبکہ اراضی کی ای رجسٹریشن کی کم از کم سروس فیس 3 ہزار 600 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئی فیسوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فرد، انتقال اور گرداوری سمیت اراضی ریکارڈ کی نقول ایکسپریس سروس کے ذریعے حاصل کرنے کی فیس 4 ہزار روپے جبکہ عام سروس کے تحت نقل کی فیس 900 روپے ہوگی۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کی فیس 800 روپے، لینڈ ریکارڈ کی مخصوص نقل کی فیس 5 ہزار روپے اور رجسٹرڈ دستاویز کی مصدقہ نقل کی فیس ایک ہزار 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
بینکوں اور دیگر اداروں کو لینڈ ریکارڈ کی تصدیق کیلئے ہر کامیاب ٹرانزیکشن پر ایک ہزار روپے جبکہ ناکام ٹرانزیکشن پر 700 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ ایکسپریس سروس کے ذریعے انتقال کی فیس 11 ہزار 200 روپے، بینکوں کے ذریعے انتقال کی فیس 2 ہزار 100 روپے اور عام انتقال کی فیس ایک ہزار 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ای رجسٹریشن کے ذریعے لوکل کمیشن مقرر کرنے کی فیس 6 ہزار 700 روپے ہوگی۔ پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور ترقیاتی اداروں کے ذریعے ہونے والی ہر پراپرٹی ٹرانزیکشن پر 3 ہزار روپے سروس چارج عائد کیا گیا ہے۔
ای رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشن پر اراضی کی مالیت کا اعشاریہ ایک فیصد سروس چارج وصول کیا جائے گا، تاہم اس کی کم از کم حد 3 ہزار 600 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری محصولات پنجاب بورڈ آف ریونیو کی جانب سے وقتاً فوقتاً مقرر کردہ شرح کے مطابق بدستور وصول کیے جاتے رہیں گے۔