تاریخ اشاعت: July 28, 2026 - 5:20 PM
Punjab Launches 145 Kilometre Green Railway Corridor Project Worth Rs 1.70 Billion, 32 Modern Parks Planned
پنجاب میں1 ارب 70 کروڑ کی لاگت کے منصوبے سے 145 کلومیٹر طویل گرین ریلوے کوریڈور منصوبے کا آغاز، 32 جدید پارکس بنائے جائیں گے
▫️پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک 20 ایکڑ اراضی کو سبزہ زاروں، باغات اور تفریحی مقامات میں تبدیل کر دیا گیا، منصوبے پر پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی اور پاکستان ریلوے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز اور سموگ فری پنجاب وژن کے تحت لاہور میں جدید دنیا کی طرز پر گرین ریلوے کوریڈور کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ریلوے کی ویران، غیر استعمال شدہ اور کوڑا کرکٹ کا شکار اراضی کو پارکس، باغات اور تفریحی مقامات میں تبدیل کیا جائے گا۔
چار مراحل پر مشتمل اس منصوبے کے ذریعے ریلوے ٹریک کے اطراف مجموعی طور پر 32 پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک تقریباً 20 ایکڑ رقبے کو خوبصورت سبزہ زاروں، باغات، واکنگ ایریاز اور سیر گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریلوے ٹریک سے ملحقہ اراضی پر 21 پارکس بھی مکمل کیے جا چکے ہیں، جو مقامی شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کے ماحول کو بہتر بنانے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
پنجاب گرین ریلوے کوریڈور منصوبہ مجموعی طور پر 45 کلومیٹر طویل ہے، جبکہ اس کی تخمینہ لاگت ایک ارب 77 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ منصوبے کو چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی اور پاکستان ریلوے مشترکہ طور پر اس پر کام کر رہے ہیں۔
حکومت پنجاب کے مطابق یہ منصوبہ ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ریلوے ٹریکس کے اطراف سبز مقامات قائم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ اس کا مقصد پنجاب کو سرسبز اور خوبصورت بنانا، شہری ماحول بہتر کرنا اور بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کے باقی مراحل کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو منصوبے کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔