تاریخ اشاعت: July 20, 2026 - 5:20 PM
Punjab Makes Green Buffer Zones Mandatory Around All Industrial Areas to Curb Pollution
پنجاب میں صنعتی آلودگی کے تدارک کیلئے خلاف اقدام، تمام صنعتی علاقوں میں گرین بفر زونز لازمی قرار
▫️صنعتی علاقوں کی نگرانی کیلئے جی آئی ایس نقشہ سازی کا نظام متعارف، گرین بیلٹس کے تحفظ اور عوامی صحت کو ترجیح دینے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صنعتی آلودگی پر مؤثر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر کے تمام صنعتی علاقوں کے گرد گرین بفر زونز قائم کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق تمام انڈسٹریل اسٹیٹس اور انڈسٹریل زونز کے اطراف شجرکاری پر مبنی بفر زونز قائم کیے جائیں گے تاکہ فیکٹریوں سے خارج ہونے والے دھوئیں، گردوغبار اور مضر گیسوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
اس حوالے سے جدید نظام "جی آ ئی ایس" بھی متعارف کروایا جائے گا۔ "جیو گرافک انفارمیشن سسٹم" ایک ایسی جدید ٹیکنالوجی ہے جو جغرافیائی اور مکانی (Spatial) معلومات کو جمع کرنے، محفوظ رکھنے، تجزیہ کرنے اور نقشوں کی صورت میں پیش کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جی آ ئی ایس نقشے پر موجود مختلف مقامات کو ان سے متعلق تفصیلی معلومات کے ساتھ جوڑتا ہے، جس کی مدد سے مختلف پیٹرنز، باہمی تعلقات اور رجحانات کو آسانی سے دیکھا، سمجھا اور تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صنعتی آلودگی میں کمی، ماحول کا تحفظ اور عوامی صحت کو درپیش خطرات کا مؤثر تدارک کرنا ہے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ صنعتی آلودگی صحت عامہ اور ماحول دونوں کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہے، لہٰذا ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
احکامات کے مطابق صنعتی علاقوں میں شجرکاری نہ کرنے والے اداروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، جبکہ پیشگی اجازت کے بغیر درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اسی طرح گرین بیلٹس پر قبضہ یا انہیں نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ ماحولیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں مؤثر نگرانی کے ذریعے ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ صنعتی علاقوں کی نگرانی اور گرین بفر زونز کی مؤثر منصوبہ بندی کے لیے جی آئی ایس ڈیپارٹمنٹ کو نقشہ سازی اور مانیٹرنگ کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے صنعتی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی صحت کے درمیان بہتر توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔