تاریخ اشاعت: April 4, 2026 - 12:45 PM
Significant Increase in Cement Sales and Exports in Current Fiscal Year
جاری مالی سال میں سیمنٹ کی فروخت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ
▫️پہلے 9 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت 38.40 ملین ٹن تک پہنچنے کا امکان، برآمدات میں 7 فیصد اضافہ
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان جاری مالی سال کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور ٹاپ لائن سکیورٹیز کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال...
جاری مالی سال کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور ٹاپ لائن سکیورٹیز کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کا حجم 38.40 ملین ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 34.99 ملین ٹن کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فروخت میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مجموعی کھپت 26.24 ملین ٹن رہنے کا اندازہ ہے، جو گزشتہ سال کے 23.53 ملین ٹن کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح جنوبی علاقوں میں بھی فروخت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ حجم 5.19 ملین ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
برآمدات کے حوالے سے بھی مثبت رجحان سامنے آیا ہے۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات 6.97 ملین ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 6.53 ملین ٹن کے مقابلے میں 7 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
تاہم مارچ کے مہینے میں مقامی کھپت میں معمولی کمی دیکھی گئی، جہاں مجموعی سیمنٹ استعمال 3.65 ملین ٹن رہنے کا اندازہ ہے، جو گزشتہ سال مارچ کے 3.71 ملین ٹن کے مقابلے میں 2 فیصد کم ہے۔ دوسری جانب مارچ میں برآمدات میں بہتری رہی اور یہ حجم 0.67 ملین ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔