تاریخ اشاعت: September 15, 2026 - 3:01 PM
Talks Under Way on Restructuring of Pakistan Services, Owner of Pearl Continental Hotels: Thatta Cement
پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز کی ملکیتی پاکستان سروسز کی تنظیم نو پر مذاکرات جاری ہیں : ٹھٹھہ سیمنٹ
▫️عدالت میں زیر سماعت قانونی معاملے کو باہمی رضامندی سے حل کیا جائے گا، حتمی معاہدوں کے بعد سٹاک ایکسچینج کو آگاہ کریں گے،سیمنٹ کمپنی
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کہا ہے کہ پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو پر مذاکرات جاری ہیں تاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت قانونی معاملے کو باہمی رضامندی سے حل کیا جا سکے۔
ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کہا ہے کہ پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو پر مذاکرات جاری ہیں تاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت قانونی معاملے کو باہمی رضامندی سے حل کیا جا سکے۔
لسٹڈ سیمنٹ کمپنی نے اس پیش رفت سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں کمپنیز اوریجنل نمبر 17 آف 2025 کے تحت زیر سماعت معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو پر بات چیت جاری ہے۔
ٹھٹھہ سیمنٹ نے کہا ہے کہ حتمی معاہدے طے پانے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج اور دیگر متعلقہ حکام کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
یہ اعلان کمپنی کے اس سابق بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سروسز کی مجوزہ تنظیم نو کے حوالے سے اصولی اتفاق رائے ہو چکا ہے تاہم حتمی دستاویزات اور معاہدوں کو طے کرنا ابھی باقی ہے۔
پاکستان سروسز لمیٹڈ کا بنیادی کاروبار پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز کی ملکیت اور انتظام ہے۔ کمپنی پرل کانٹی نینٹل کے نام اور ٹریڈ مارک کے استعمال کیلئے فرنچائز بھی دیتی ہے جبکہ لاہور میں ایک اور ہوٹل بھی چلا رہی ہے۔
گزشتہ برس سے پاکستان سروسز کی شیئر ہولڈنگ میں بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں جن کے بعد شیئرز کی خریداری، کمپنی کے کنٹرول، انتظام اور بورڈ کی تشکیل سے متعلق قانونی معاملات بھی عدالت تک پہنچے۔
جولائی 2025 میں اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز نے پاکستان سروسز کے 27.95 فیصد حصص 6.36 ارب روپے سے زائد میں حاصل کیے جبکہ اسی عرصے میں داؤد جان محمد نے کمپنی کے 28 فیصد ووٹنگ شیئرز 700 روپے فی شیئر کے حساب سے خریدے۔
بعد ازاں اکتوبر 2025 میں ٹھٹھہ سیمنٹ نے پاکستان سروسز کے 28 فیصد شیئرز تقریباً 6.45 ارب روپے میں 710 روپے فی شیئر کے حساب سے خریدنے کا اعلان کیا۔
فروری 2026 میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات کے بعد پاکستان سروسز نے اپنے ڈائریکٹرز کے انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔ عدالت نے کمپنی کی شیئر ہولڈنگ، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل، کنٹرول اور انتظامی معاملات میں موجودہ حیثیت برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔
جاری مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں قانونی تنازع کے حل کے ساتھ پاکستان سروسز کے مستقبل کے ملکیتی اور انتظامی ڈھانچے کا تعین بھی ممکن ہو سکے گا۔