تاریخ اشاعت: September 5, 2026 - 5:12 PM
Global Campaign Seeks to Replace Mercator Map with More Accurate Representation of World’s Landmass
دنیا کے حقیقی رقبے کی درست عکاسی کیلئے کرہ ارض کے مرکیٹر نقشے کی تبدیلی کی عالمی مہم شروع
▫️نقادوں کے مطابق مقبول نقشہ یورپ اور مغربی خطوں کو غیر متناسب طور پر بڑا دکھاتا ہے، جس سے نو آبادیاتی دور سے جڑے تصورات کو تقویت ملتی ہے
نیویارک | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزدنیا کے نقشے میں براعظموں کے حجم اور جغرافیائی تناسب کی عکاسی کے حوالے سے ایک نئی عالمی بحث شروع ہوگئی ہے۔
دنیا کے نقشے میں براعظموں کے حجم اور جغرافیائی تناسب کی عکاسی کے حوالے سے ایک نئی عالمی بحث شروع ہوگئی ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکیٹر پروجیکشن کے متبادل کے طور پر ایکول ارتھ نقشے کے استعمال کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، کیونکہ یہ مختلف براعظموں کے حقیقی زمینی رقبے کو نسبتاً زیادہ درست انداز میں ظاہر کرتا ہے۔
مرکیٹر نقشہ جہاز رانوں، ملاحوں کے لیے سمتوں کو درست رکھنے کی غرض سے زمینی رقبوں کے حجم میں فرق پیدا کرتا ہے، جبکہ ایکول ایریا نقشہ، جیسے ایکول ارتھ پروجیکشن، براعظموں کے حقیقی باہمی رقبے کو زیادہ درست انداز میں ظاہر کرتا ہے۔
نقادوں کا کہنا ہے کہ صدیوں سے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا مرکیٹر پروجیکشن یورپ اور بعض مغربی خطوں کو ان کے حقیقی رقبے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑا دکھاتا ہے، جبکہ افریقہ اور دنیا کے دیگر خطے نسبتاً چھوٹے نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق نقشے میں یہ غیر متناسب نمائندگی نو آبادیاتی دور سے جڑے تصورات اور مغربی برتری کے تاثر کو تقویت دینے کا باعث بنتی رہی ہے۔
متبادل نقشے کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ دنیا کے جغرافیے کو ایسے انداز میں پیش کیا جانا چاہیے جس سے مختلف براعظموں کے حقیقی حجم اور باہمی رقبے کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد افریقہ یا کسی دوسرے خطے کو مصنوعی طور پر بڑا دکھانا نہیں بلکہ اس کے حقیقی جغرافیائی حجم کی درست عکاسی کرنا ہے۔
مجوزہ قرارداد قانونی طور پر پابند نہیں اور نہ ہی اس کا مقصد سمندری یا فضائی رہنمائی کے لیے مرکیٹر پروجیکشن کے استعمال کو ختم کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق سمتوں کو برقرار رکھنے کی خصوصیت کے باعث مرکیٹر نقشہ خصوصاً نیویگیشن سمیت بعض تکنیکی مقاصد کے لیے اب بھی کارآمد ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ واحد ملک ہے جس نے قرارداد کی مخالفت کی ہے۔ امریکی مؤقف ہے کہ یہ اقدام ایک نظریاتی ایجنڈے کو فروغ دیتا ہے اور عالمی امن، خوش حالی اور بین الاقوامی تعلقات جیسے اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کا سبب بن سکتا ہے۔
ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈوسی نے کہا کہ منصفانہ دنیا کا آغاز ایک منصفانہ نقشے سے ہوتا ہے۔ فرانس، جو قرارداد کا شریک سرپرست ہے، بھی مرکیٹر پروجیکشن سے آگے بڑھنے کی حمایت کا اعلان کر چکا ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو کے مطابق متبادل نقشے دنیا کے مختلف خطوں کے حقیقی زمینی رقبے کی زیادہ درست عکاسی کریں گے۔
مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگلا اہم مرحلہ دنیا بھر میں زیادہ درست نقشوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ ایسے نقشوں کو اسکولوں، نصابی کُتب، میڈیا اداروں اور کاروباری شعبے میں متعارف کرایا جائے۔
ٹوگو نے عالمی تنظیموں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی نئے نقشوں کے استعمال پر آمادہ کرنے کی کوششیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دنیا کے جغرافیے کی زیادہ درست اور متوازن نمائندگی یقینی بنانا ہے۔