تاریخ اشاعت: July 13, 2026 - 10:15 AM
Historic British Home Linked to Imran Khan and Jemima Listed for £25 Million
عمران ، جمائمہ کا تاریخی برطانوی گھر 25 ملین پاؤنڈ میں فروخت کیلئے پیش
▫️رچمنڈ میں واقع 10 بیڈ رومز پر مشتمل ’اورملی لاج‘ کئی برس سابق پاکستانی وزیر اعظم کی لندن میں رہائش گاہ اور سیاسی ملاقاتوں کا مرکز رہا
لندن | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزبرطانیہ کے جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں واقع عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان سے وابستہ تاریخی رہائش گاہ 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز کی طلب کردہ قیمت کے ساتھ فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کر دی گئ...
برطانیہ کے جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں واقع عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان سے وابستہ تاریخی رہائش گاہ 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز کی طلب کردہ قیمت کے ساتھ فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کر دی گئی ہے۔
’اورملی لاج‘ کے نام سے معروف یہ الگ تھلگ پراپرٹی 10 بیڈ رومز پر مشتمل ہے اور رچمنڈ کے علاقے ہیم کامن میں واقع ہے۔ مشہور رچمنڈ پارک کے قریب واقع ہونے کے باعث اس گھر کو لندن کی نمایاں اور قیمتی رہائشی جائیدادوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی سابق اہلیہ جمائمہ خان اور ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ کے ساتھ شادی کے اوائل میں اس گھر میں مقیم رہے۔ عمران خان اور جمائمہ کی طلاق کے بعد بھی یہ رہائش گاہ کئی برس تک لندن میں عمران خان کا مستقل ٹھکانہ رہی۔
گولڈ سمتھ خاندان کے ایک قریبی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ یہ پراپرٹی جمائمہ خان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ کے انتقال کے بعد فروخت کے لیے پیش کی گئی۔ لیڈی اینابیل کا انتقال اکتوبر 2025 میں ہوا تھا۔
عمران خان لندن کے دوروں کے دوران اسی رہائش گاہ پر پاکستانی سیاست دانوں، میڈیا کے نمائندوں اور اپنے قریبی ساتھیوں سے ملاقاتیں کرتے تھے۔ مختلف سیاسی امور پر مشاورت اور غیر رسمی اجلاس بھی اکثر اورملی لاج میں منعقد ہوتے رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ گھر تقریباً 2014 تک عمران خان کی لندن میں باقاعدہ قیام گاہ رہا۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ بھی اسی عرصے میں یہاں قیام کیا تھا، جبکہ ریحام خان اور بعدازاں بشریٰ بیگم سے شادی کے بعد انہوں نے اس پراپرٹی کو دوبارہ استعمال نہیں کیا۔
اورملی لاج کی فروخت نے برطانیہ کی لگژری رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں توجہ حاصل کی ہے، کیونکہ یہ گھر اپنی تاریخی حیثیت، بلند قیمت اور پاکستان کی ایک نمایاں سیاسی شخصیت سے طویل وابستگی کے باعث منفرد اہمیت رکھتا ہے۔