تاریخ اشاعت: May 18, 2026 - 2:55 PM
LDA Holds Fifth Balloting for Plots on Easy Installments, 126 Residential and Commercial Plots Included
ایل ڈی اے کی آسان اقساط پر پلاٹوں کی پانچویں قرعہ اندازی، 126 رہائشی و کمرشل پلاٹ شامل
▫️126 پلاٹوں کے لیے 3341 درخواستیں موصول، کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں ہوئی
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کو آسان اقساط پر رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایل ڈی اے کے رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی پانچویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاؤن میں منعقد کی گئی۔
قرعہ اندازی میں جوہر ٹاؤن، ایل ڈی اے سٹی، علامہ اقبال ٹاؤن اور ایل ڈی اے انکلیو موہلنوال میں واقع مکمل طور پر ڈویلپڈ رہائشی و کمرشل پلاٹس آسان اقساط پر رکھے گئے تھے۔ ایل ڈی اے کے مطابق شہری کامیابی کی صورت میں ان پلاٹوں کی ادائیگی تین سال میں 12 مساوی اقساط کے ذریعے کریں گے۔
قرعہ اندازی میں ایل ڈی اے سٹی بزنس بے بلاک کے 4 مرلہ کمرشل پلاٹس، جوہر ٹاؤن بلاک ایم، بلاک این اور بلاک ایف ون کے 2 تا 2.5 مرلہ کمرشل پلاٹس، علامہ اقبال ٹاؤن فروٹ مارکیٹ کے 3.11 مرلہ کمرشل پلاٹس، جوہر ٹاؤن بلاک آر ون کے 3.5 مرلہ رہائشی پلاٹس اور ایل ڈی اے انکلیو موہلنوال بلاک ڈی کے 3 مرلہ رہائشی پلاٹس شامل تھے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے شہریوں کو اپنی سکیموں میں واقع پلاٹس تین سال کی آسان اقساط میں فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ شہریوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ مکمل طور پر ڈویلپڈ رہائشی اور کمرشل پلاٹس آسان شرائط پر حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل ڈی اے آسان اقساط پر مزید پلاٹس بھی جلد مارکیٹ میں لائے گا۔
ایل ڈی اے کے مطابق مجموعی طور پر 126 رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی قرعہ اندازی میں حصہ لینے کے لیے 3341 درخواستیں موصول ہوئیں۔ علامہ اقبال ٹاؤن کے 12 کمرشل پلاٹوں کے لیے 279 درخواستیں، جوہر ٹاؤن کے 29 کمرشل پلاٹوں کے لیے 523 درخواستیں، جوہر ٹاؤن کے 33 رہائشی پلاٹوں کے لیے 692 درخواستیں موصول ہوئیں۔
اسی طرح ایل ڈی اے سٹی بزنس بے کے 22 کمرشل پلاٹوں کے لیے 688 درخواستیں جبکہ ایل ڈی اے انکلیو موہلنوال کے 30 رہائشی پلاٹوں کے لیے 1159 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ قرعہ اندازی پی آئی ٹی بی کے تعاون سے کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت کی گئی۔
تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ چیف ٹاؤن پلانرز، چیف آئی ٹی آفیسر، ڈائریکٹرز ہاؤسنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔