تاریخ اشاعت: February 19, 2026 - 10:21 AM
Security Tightened in Islamabad Ahead of Ramadan; CDA, Police Finalize Comprehensive Plan
رمضان المبارک سے قبل اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت، سی ڈی اے اور پولیس کا جامع پلان حتمی شکل اختیار کر گیا
▫️آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے رمضان کے دوران امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور فول پروف انتظامات سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی.
اسلام آباد: حسنین اولکھ، نمائندہ خصوصی | ری نیوز پاکستان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اج...
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے رمضان المبارک کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والے شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں، مارکیٹس اور کمرشل مراکز میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد پولیس اس مقصد کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنایا جا سکے۔ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، مرکزی شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ رمضان کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹس، کمرشل مراکز اور پارکس کے داخلی و خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مقامات کے داخلی و خارجی پوائنٹس پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دارالحکومت کے شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور رمضان المبارک کے دوران ہی نہیں بلکہ سال بھر بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔