تاریخ اشاعت: November 20, 2026 - 3:01 PM
Karachi Administration Reports Recovery of Nearly 290 Acres of Encroached Government Land
کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، تقریباً 290 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرانے کا انکشاف
▫️ اینٹی انکروچمنٹ فورس نے 2026 کے دوران ملیر، ضلع شرقی، غربی اور کورنگی میں سرکاری اور عوامی سہولیات کے لیے مختص اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی
کراچی انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2026 کے دوران شہر کے چار اضلاع میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں تقریباً 288 سے 290 ایکڑ سرکاری اور عوامی سہولیات کے لیے مختص اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انسدادِ تجاوزات ٹیموں نے سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی دکانیں، مکانات، فارم ہاؤسز اور دیگر تعمیرات مسمار کیں۔ ملیر، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر اور کورنگی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیے گئے۔ ضلع ملیر میں سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے 10 غیر قانونی فارم ہاؤسز بھی مسمار کیے گئے، جبکہ مختلف علاقوں میں عوامی سہولیات کے لیے مختص پلاٹس اور سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو تجاوزات کے خلاف ماہانہ آپریشن شیڈول تیار کرنے اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واگزار اراضی کا مکمل ریکارڈ اور نقشہ جات پر مشتمل جامع ڈیٹا بیس تیار کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ دوبارہ غیر قانونی قبضوں کو روکا جا سکے۔ اجلاس میں گزشتہ پانچ سے دس سال کے دوران واگزار کرائی گئی سرکاری زمینوں کی موجودہ صورتحال اور قبضے کی حیثیت کا دوبارہ جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔