تاریخ اشاعت: November 20, 2026 - 6:01 PM
Faisalabad Commissioner Reviews Urban Development Projects in Jhang, Calls for Public-Private Partnerships
کمشنر فیصل آباد کا جھنگ میں شہری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے منصوبے شروع کرنے پر زور
▫️ ضلعی انتظامیہ کو ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، عوامی خدمات کا معیار بہتر بنانے اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور جاری شہری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں سابق ارکان اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، فیصل حیات جبوآنہ، محمد یعقوب شیخ، خالد غنی، امیر عباس سیال اور حذیفہ خان سیال نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہری سہولیات کی بہتری اور مقامی ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جن پر کمشنر نے متعلقہ ضلعی افسران کو جائزہ لینے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف محکموں کی کارکردگی اور اہم ترقیاتی اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مؤثر بنانے، عوامی خدمات کا معیار بہتر کرنے اور دستیاب وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر جھنگ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے ضلعی انتظامیہ کی جاری سرگرمیوں اور ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔