تاریخ اشاعت: March 11, 2026 - 1:23 PM
155-year-old historic Government Printing Press in Lahore shut down.
برصغیر کا 155 سالہ قدیم گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بند، تاریخی عمارت مسمار
▫️ 1867 میں قائم ہونے والا مشترکہ پنجاب کا پہلا سرکاری پرنٹنگ ادارہ فعالیت سے محروم. ▫️ تاریخی عمارت کی مسماری پر شہری و ثقافتی حلقوں میں تشویش.
لاہور: ری نیوز پاکستان برصغیر کے قدیم ترین اشاعتی اداروں میں شمار ہونے والا 155 سالہ قدیم گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بند کر دیا گیا جبکہ اس کی تاریخی عمارت بھی مسمار کر دی گئی، جس پر مختلف شہری اور ثقافتی حلقوں نے افسوس اور تشویش کا اظہار کی...
برصغیر کے قدیم ترین اشاعتی اداروں میں شمار ہونے والا 155 سالہ قدیم گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بند کر دیا گیا جبکہ اس کی تاریخی عمارت بھی مسمار کر دی گئی، جس پر مختلف شہری اور ثقافتی حلقوں نے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سرکاری پرنٹنگ پریس 1867 میں لاہور میں بنک آف بنگال کی عمارت میں قائم کیا گیا تھا، جو بعد ازاں 1914 میں ہرن روڈ پر تعمیر کی گئی نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا۔ یہ ادارہ برطانوی دور سے لے کر قیام پاکستان اور بعد ازاں بھی سرکاری دستاویزات، گزٹ اور دیگر اہم سرکاری اشاعتوں کی طباعت کا اہم مرکز رہا۔
اطلاعات کے مطابق چند ہفتے قبل تک اس تاریخی پریس میں طباعتی سرگرمیاں جاری تھیں، تاہم بعد ازاں اسے مکمل طور پر بند کر دیا گیا جبکہ 1914 میں تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی زمین بوس کر دیا گیا۔
تاریخی ورثے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی قدیم عمارات شہر کے تاریخی تشخص اور ثقافتی ورثے کا حصہ ہوتی ہیں، جن کے تحفظ کے لیے مؤثر پالیسی کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے ادارے نہ صرف صحافتی و سرکاری اشاعتوں کی تاریخ کے امین ہوتے ہیں بلکہ شہری تاریخ اور تعمیراتی ورثے کی اہم علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے تاریخی مقامات کی جگہ مستقبل میں کسی بھی نئی تعمیر یا ترقیاتی منصوبے سے قبل ان کے تاریخی پس منظر اور ثقافتی اہمیت کو مدنظر رکھا جانا چاہیے تاکہ شہر کے قدیم تشخص اور ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔