تاریخ اشاعت: April 11, 2026 - 4:40 PM
Sacred Relics Shifted to a Modern, Secure Gallery at Badshahi Mosque
بادشاہی مسجد میں تبرکاتِ مقدسہ جدید اور محفوظ گیلری میں منتقل کر دیے گئے
▫️ڈیڑھ صدی پرانی گیلری کے بعد جدید سسٹمز سے لیس نئی گیلری کا افتتاح، ماحولیاتی اثرات سے مکمل تحفظ یقینی ہوگا
لاہور : ری نیوز پاکستان لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں موجود تبرکاتِ مقدسہ کو طویل عرصے کے بعد جدید اور محفوظ گیلری میں منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ تبرکات تقریباً ڈیڑھ صدی سے پرانی گیلری میں محفوظ تھے، تاہم اب انہیں ج...
لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں موجود تبرکاتِ مقدسہ کو طویل عرصے کے بعد جدید اور محفوظ گیلری میں منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ تبرکات تقریباً ڈیڑھ صدی سے پرانی گیلری میں محفوظ تھے، تاہم اب انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات سے آراستہ نئی گیلری میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس نئی گیلری کا افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نئی گیلری میں درجہ حرارت، نمی اور روشنی کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید ترین نظام نصب کیے گئے ہیں تاکہ تبرکات کو موسمی اور ماحولیاتی اثرات سے مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
تبرکات کی منتقلی کا حساس عمل محکمہ اوقاف اور آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سخت نگرانی میں مکمل کیا۔ منتقلی کے بعد اب یہ تبرکات زائرین اور شہریوں کے لیے دوبارہ نمائش کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت ’اقبال ہال‘ بھی قائم کیا گیا ہے، جس میں جدید لائبریری اور کانفرنس ہال شامل ہیں۔ لائبریری میں دو ہزار سے زائد نایاب اور جدید کتب کے ساتھ مزارِ اقبال سے متعلق اہم تاریخی دستاویزات بھی محفوظ کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ علامہ محمد اقبال اور صوفیا کرام کی تعلیمات پر خصوصی گوشے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہال میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔