تاریخ اشاعت: April 13, 2026 - 12:17 PM
Railways Reclaims Land Worth Rs120 Million in Rawalpindi Anti Encroachment Drive
راولپنڈی میں انسدادِ تجاوزات آپریشن، ریلوے نے 12 کروڑ روپے مالیت کی کمرشل اراضی واگزار کرا لی
▫️ناجائز قابضین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، ملک بھر میں کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
راولپنڈی : [ری نیوز پاکستان] پاکستان ریلوے نے ریلوے پولیس کے تعاون سے راولپنڈی میں انسدادِ تجاوزات کے ایک بڑے آپریشن کے دوران تقریباً 12 کروڑ روپے مالیت کی قیمتی کمرشل اراضی واگزار کرا لی۔ ترجمان کے مطابق یہ آپریشن گڈز اپروچ روڈ پر...
پاکستان ریلوے نے ریلوے پولیس کے تعاون سے راولپنڈی میں انسدادِ تجاوزات کے ایک بڑے آپریشن کے دوران تقریباً 12 کروڑ روپے مالیت کی قیمتی کمرشل اراضی واگزار کرا لی۔
ترجمان کے مطابق یہ آپریشن گڈز اپروچ روڈ پر کیا گیا، جہاں 15 غیر قانونی طور پر قائم کمرشل دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ متعدد رہائشی اور کمرشل تجاوزات بھی ختم کی گئیں، جس کے نتیجے میں تقریباً دو کنال ریلوے کی زمین بازیاب کر لی گئی۔
یہ کارروائی راولپنڈی ڈویژن میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن اور انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس محمد وصال فخر سلطان کی ہدایات پر کی گئی۔ آپریشن میں ریلوے پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، جس کی قیادت سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کوثر عباس اور متعلقہ ایس ایچ او نے کی، جبکہ ریلوے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بھی معاونت فراہم کی۔
اس موقع پر آئی جی ریلوے پولیس محمد وصال فخر سلطان نے کہا کہ ریلوے اراضی پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں بلکہ پاکستان ریلوے کے مالی وسائل کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ریلوے پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں قابضین کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ریلوے کے اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔