تاریخ اشاعت: April 21, 2026 - 5:44 PM
LDA Launches Major Crackdown: 114 Illegal Commercial Properties Sealed
ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن: غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی، 114 املاک سربمہر
▫️شادی ہالز، سکولز، ریسٹورنٹس اور دکانوں سمیت مختلف کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے
ایل ڈی اے ٹیموں نے منگل کے روز مختلف ہاؤسنگ سکیموں اور کنٹرولڈ ایریاز میں آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 114 املاک کو سربمہر کر دیا۔ کارروائیاں ڈیفنس روڈ، بابر بلاک نیو گارڈن ٹاؤن، شادباغ، گلشن راوی، نیو مسلم ٹاؤن اور سبزہ زار میں کی گئیں۔
ڈیفنس روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال پر 55 املاک کو سیل کیا گیا، جبکہ بابر بلاک نیو گارڈن ٹاؤن میں 7 املاک، شادباغ، گلشن راوی اور نیو مسلم ٹاؤن میں 42 املاک کو کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی استعمال پر سربمہر کیا گیا۔ سبزہ زار میں ریکوری آپریشن کے دوران مزید 10 املاک سیل کی گئیں۔
سربمہر کی جانے والی املاک میں شادی ہالز، مارکیز، نجی سکولز، اکیڈمیز، ورکشاپس، الیکٹرک سٹورز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، گراسری سٹورز، بیکریز، بیوٹی سیلونز، فارمیسیز، کلینکس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔