تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 3:00 PM
LDA Launches Major Crackdown: 75 Illegal Commercial Properties Sealed in Enforcement Action
ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن: غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی، 75 املاک سیل
▫️آپریشن گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، گلشن راوی اور دیگر علاقوں میں کیا گیا، سیل کی گئی عمارتوں میں نجی سکول اور کاروباری مراکز شامل
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 75 املاک سیل کر دی گئیں۔
کارروائیاں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، گلشن راوی، گجرپورہ، شادمان، شاہ جمال اور مصطفیٰ ٹاؤن میں کی گئیں۔ گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 20 املاک سیل کی گئیں جبکہ گلشن راوی، گجرپورہ، شادمان اور شاہ جمال میں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی استعمال پر 40 املاک سیل کی گئیں۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن میں مزید 15 املاک سیل کر دی گئیں۔ کارروائی کے دوران سیل کی گئی عمارتوں میں نجی سکول، اکیڈمیاں، گراسری سٹورز، بیکریاں، بیوٹی سیلون، فارمیسیاں، کلینکس، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک سٹورز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔