تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 4:05 PM
Green Property Certificate Made Mandatory for Property Transactions in Sahiwal
ساہیوال میں جائیداد کے لین دین کیلئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار
▫️روایتی فرد برائے بیع اور دیگر دستاویزات کا خاتمہ، نیا نظام شفافیت کو یقینی بنائے گا
پنجاب حکومت نے بڑے شہروں کے بعد اب ساہیوال میں بھی جائیداد کی خرید و فروخت کیلئے "گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ" کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت اب کسی بھی قسم کے لین دین کیلئے روایتی دستاویزات جیسے فرد برائے بیع قابلِ قبول نہیں ہوں گی۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اصلاحات کے تسلسل میں یہ اقدام کیا گیا ہے، جس کا مقصد اراضی ریکارڈ کے نظام کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔ ساہیوال میں اب ہر قسم کی جائیداد کی خرید و فروخت صرف گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق اس نظام کو بتدریج دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ پورے صوبے میں یکساں اور محفوظ لینڈ ریکارڈ سسٹم نافذ کیا جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف ملکیت اور حدود کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ جائیداد کے لین دین میں دھوکہ دہی اور جعلسازی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اکرام الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں زمین سے متعلق جدید اور شفاف نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جو عوام کیلئے سہولت کا باعث بنے گا۔