تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 4:30 PM
DC Sargodha Calls for Maximum Tree Plantation on Vacant Lands in the City
ڈی سی سرگودھا کی شہر میں خالی اراضی پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ہدایت
▫️شہری ماحول کی بہتری اور گرین سپیس کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے پر زور
ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے بدھ کے روز خالی اراضی پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے اور صحت مند شہری ماحول کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
انہوں نے یہ بات پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کیلئے مجوزہ اسکیموں پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پی ایچ اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد ارشد نے شرکاء کو جاری منصوبوں کی پیش رفت، مالی امور اور ادارے کی آمدن کے ذرائع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے شجرکاری مہم اور گرین بیلٹس کی بہتری پر کام جاری ہے جبکہ نئے پارکس کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے حکام کو بوٹینیکل گارڈن کو مزید بہتر بنانے اور شہر کے حسن میں اضافے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ آئندہ اے ڈی پی میں شمولیت کیلئے متعدد نئی اسکیمیں تجویز کی گئی ہیں جن میں موجودہ پارکس کی اپ گریڈیشن اور نئے گرین ایریاز کی ترقی شامل ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹرز) محمد ارشد وٹو بھی شریک تھے۔