تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 5:45 PM
Railways Minister directs immediate issuance of NOC for construction of Malir Halt underpass
وزیر ریلوے کی ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر کیلئے این او سی فوری جاری کرنے کی ہدایت
▫️کراچی سرکلر ریلوے اور سب اربن ٹرین سروس کی بحالی پر اتفاق، نئی ٹرین سروسز شروع کرنے کا فیصلہ
کراچی میں وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر کے لیے این او سی فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان ایک اہم اجلاس ہوا جس میں شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کراچی سرکلر ریلوے اور سب اربن ٹرین سروس کی بحالی پر اتفاق کیا گیا، جبکہ کراچی سے روہڑی اور کراچی سے جیکب آباد نئی ٹرین سروسز شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کو فوری طور پر ایک مؤثر اور سستی پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے نظام کو جدید اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس میں نشاندہی کی کہ سندھ حکومت ملیر ہالٹ پر انڈرپاس تعمیر کرنا چاہتی ہے تاہم ریلوے کی جانب سے این او سی میں تاخیر کے باعث منصوبہ شروع نہیں ہو سکا۔
اس پر وزیر ریلوے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر کے لیے این او سی جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔