تاریخ اشاعت: April 23, 2026 - 9:55 AM
LDA Reviews Revenue Targets, Decides to Accelerate Recovery Drive
ایل ڈی اے میں ریونیو اہداف کا جائزہ، ریکوری مہم تیز کرنے کا فیصلہ
▫️ڈی جی طاہر فاروق کی تمام زونز میں یومیہ بنیادوں پر ریکوری آپریشن بڑھانے کی ہدایت
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی زیر صدارت ریونیو جنریشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کے ریونیو اہداف اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس کاشف عمران نے مختلف شعبہ جات کے ریونیو اہداف پر بریفنگ دی، جبکہ چیف ٹاؤن پلانر ون اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ آخری سہ ماہی میں ریونیو اہداف کے حصول کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے اور تمام زونز میں ریکوری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں پر عائد جرمانوں کی وصولی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں۔
طاہر فاروق نے مزید ہدایت کی کہ حال ہی میں کمرشل قرار دی جانے والی سڑکوں پر کمرشل فیس کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ ٹاؤن پلاننگ ونگ کے افسران فیلڈ میں متحرک ہو کر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔
اجلاس میں ایل ڈی اے کی مختلف ہاؤسنگ سکیموں، خصوصاً ایل ڈی اے ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی کے ریونیو اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ ریکوری مہم کی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں متعلقہ افسران، بشمول ڈائریکٹر ریونیو، ڈائریکٹر آکشن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
دریں اثنا، ایل ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹوں کی اگلی قرعہ اندازی آئندہ ماہ مئی میں منعقد کی جائے گی، جبکہ آسان اقساط پر پلاٹوں کے حصول کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 مئی مقرر کی گئی ہے۔