تاریخ اشاعت: April 29, 2026 - 11:02 AM
Lahore Development Authority Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings, Seals 122 Properties
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 122 املاک سربمہر
▫️ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری، کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بھی سخت اقدامات
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کرنے والے املاک کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے۔ گزشتہ روز مختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 122 املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے جی ٹی روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، پی آئی اے سکیم، سبزہ زار، گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران جی ٹی روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں 37 املاک، پی آئی اے سکیم میں 22 املاک، گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 23 املاک جبکہ سبزہ زار میں 40 املاک کو سیل کیا گیا۔
سیل کی جانے والی جائیدادوں میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیاں، بیکریاں، فارمیسی، بیوٹی سیلون، کلینکس، گراسری سٹور، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک سٹور، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر سمیت متعدد کمرشل یونٹس شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل استعمال اور فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔