تاریخ اشاعت: April 29, 2026 - 5:45 PM
LDA Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Properties, 91 Premises Sealed
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل املاک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 91 جائیدادیں سربمہر
▫️شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، سمن آباد اور مصطفیٰ ٹاؤن شامل
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا ٹاؤن پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف متحرک ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز ایل ڈی اے ٹیموں نے مختلف ہاؤسنگ سکیموں اور کنٹرولڈ ایریاز میں بھرپور آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 91 املاک کو سربمہر کر دیا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، پیکو روڈ، گجرپورہ، گلشن راوی، سمن آباد، مصطفیٰ ٹاؤن اور بائی پاس روڈ جوہر ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ گلبرگ اور پیکو روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال پر 28 املاک کو سیل کیا گیا جبکہ جوہر ٹاؤن کی نجی سکیم میں 14 املاک کو سربمہر کیا گیا۔
اسی طرح گجرپورہ، گلشن راوی اور سمن آباد میں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی استعمال پر 32 املاک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن میں مزید 17 املاک کو بھی سربمہر کیا گیا۔
سیل کی جانے والی جائیدادوں میں شادی ہالز، ہسپتال، نجی اسکول، بیکریاں، فارمیسیز، کلینکس، گروسری اسٹورز، بیوٹی سیلونز، کوریئر سینٹرز، ورکشاپس، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق ڈی جی کی ہدایت پر غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔