تاریخ اشاعت: April 30, 2026 - 4:34 PM
LDA Launches Major Crackdown in Lahore, Recovers 3 Plots and Seals 213 Illegal Properties
لاہور میں ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 3 پلاٹ واگزار، 213 غیر قانونی املاک سربمہر
▫️ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینک، دکانیں اور دفاتر سمیت متعدد املاک شامل ، فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی ٹیموں نے شہر بھر میں غیرقانونی تعمیرات، غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔
جمعرات کے روز مختلف رہائشی و کمرشل سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں کیے گئے آپریشن کے دوران قابضین سے 3 پلاٹ واگزار کرا لیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 213 املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔ کارروائیوں کا دائرہ ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن، گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، علی ٹاؤن، ڈیفنس روڈ، شادمان، گلشن راوی، علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار تک پھیلا رہا۔
ایل ڈی اے ایونیو ون میں پلاٹ نمبر 1298 اور 1299 (بلاک ایم) پر قبضہ ختم کر کے انہیں اصل الاٹیز کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ بلاک ڈی میں پلاٹ نمبر 1618 اے پر بنایا گیا غیرقانونی راستہ بھی مسمار کر دیا گیا۔ جوبلی ٹاؤن مین چوک پر گرین بیلٹ میں قائم غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔
ٹاؤن پلاننگ ونگ کی کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی کمرشل استعمال پر سخت ایکشن لیا گیا۔ گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 29، علی ٹاؤن میں 47، ڈیفنس روڈ پر 56 جبکہ شادمان ون اور گلشن راوی میں 31 املاک کو سربمہر کیا گیا۔
اسی طرح ریکوری اور نفاذ کی کارروائی کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار میں مزید 50 املاک بھی سیل کی گئیں۔ سربمہر کی گئی املاک میں نجی اسکول، کالج، ہال، بیکری، فارمیسی، کلینک، گراسری سٹور، بیوٹی سیلون، ورکشاپ، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، دفاتر اور دیگر تجارتی یونٹس شامل ہیں۔
کارروائیاں چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں جاری رہیں۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی تعمیرات اور کمرشل خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔