تاریخ اشاعت: May 6, 2026 - 5:15 PM
DC Lahore Visits Hadyara Drain, Orders Faster Cleanliness and Plantation Drive
ڈی سی لاہور کا ہڈیارہ ڈرین کا دورہ، صفائی و شجرکاری مہم تیز کرنے کی ہدایت
▫️کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈرین کی ڈی سلٹنگ، کرب اسٹون پینٹ اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
لاہور کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے تحصیل نشتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہڈیارہ ڈرین کے اطراف جاری ترقیاتی، صفائی اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم کے تحت ڈرین کے کنارے پودا بھی لگایا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہڈیارہ ڈرین کی ڈی سلٹنگ، کرب سٹون پینٹ اور صفائی کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرین کے اطراف باقاعدہ شجرکاری مہم چلائی جائے تاکہ علاقے کی خوبصورتی کے ساتھ ماحولیاتی بہتری کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ میونسپل سروسز اور صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لاہور نے چلڈرن ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، صفائی کے انتظامات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی سو فیصد اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ وارڈز میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔