تاریخ اشاعت: May 11, 2026 - 11:29 AM
Proposals for 3 New Development Schemes Presented in Vehari, Rs 36.5 Million to Be Spent on Roads and Stadium Rehabilitation
وہاڑی میں 3 نئی ترقیاتی سکیموں کی تجاویز پیش، سڑکوں اور سٹیڈیم کی بحالی پر 3 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہوں گے
▫️ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت اجلاس میں رتبہ ٹبہ تا میاں پکھی موڑ نئی سڑک سمیت اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا
ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ضلع میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آن سورس ریسورسز کے تحت 3 نئی ترقیاتی سکیموں کی تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں جن منصوبوں کی تجاویز پیش کی گئیں، ان میں رتبہ ٹبہ تا میاں پکھی موڑ تک 13 کلومیٹر نئی سڑک کی سکیم، دہلی ملتان روڈ تا معصوم شاہ روڈ بوریوالا بائی پاس تک اڑھائی کلومیٹر سڑک کی بحالی، جبکہ جلہ جیم میں موجود سٹیڈیم کی بحالی کا منصوبہ شامل ہے۔
حکام کے مطابق ان ترقیاتی سکیموں کا مجموعی تخمینہ 3 کروڑ 65 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران منصوبوں کی افادیت، لاگت، ترجیحات اور عوامی سہولت کے پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع وہاڑی میں ترقیاتی سکیموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد حاصل ہو سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈی ڈی ڈویلپمنٹ محمد افضال، ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ ایس ضلع کونسل فہیم شہزاد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔