تاریخ اشاعت: May 11, 2026 - 12:50 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings in Lahore, Seals 203 Properties
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 203 املاک سیل
▫️گلبرگ، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی، گجرپورہ، سمن آباد، شادباغ، یو ای ٹی، این ایف سی، کالج روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 203 املاک سیل کردیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے کنٹرولڈ ایریا میں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی، گجرپورہ، سمن آباد، شادباغ، یو ای ٹی، این ایف سی، پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو سکیم، کالج روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر آپریشن کیا۔
کارروائیوں کے دوران غیرقانونی کمرشل استعمال پر گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 19 جبکہ گلشن راوی، گجرپورہ، سمن آباد اور شادباغ میں 84 املاک کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح یو ای ٹی، این ایف سی، پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو سکیم اور کالج روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 60 املاک سیل کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی 40 املاک کو سیل کیا۔ حکام کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، بینک، ہال، مارکی، اکیڈمی، بیکری، فارمیسی، بیوٹی سیلون، کلینک، گراسری سٹور، آٹو ورکشاپ، الیکٹرک سٹور، ریستوران، فوڈ پوائنٹ، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔