تاریخ اشاعت: May 12, 2026 - 3:07 PM
Lahore: LDA Tightens Conditions on Parking, Setback Areas and Land Use Before Approval of Commercial and Institutional Cases
لاہور : کمرشل و ادارہ جاتی کیسز کی منظوری سے قبل پارکنگ، سیٹ بیک اور لینڈ یوز شرائط پر سختی کا فیصلہ
▫️ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس، ای بز پورٹل پر موصول کیسز کا قوانین کے مطابق جائزہ لیا گیا
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ای بز پورٹل کے ذریعے اپلائی کیے گئے مختلف کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیش کیے گئے کیسز کو متعلقہ قوانین، قواعد و ضوابط اور لینڈ یوز پالیسی کے مطابق منظور یا مسترد کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی سے منظور ہونے والے تمام کیسز میں منظور شدہ لینڈ یوز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن کیسز کی منظوری دی جاتی ہے، ان میں سیٹ بیک ایریا ضرور کلیئر کرایا جائے تاکہ شہر کی منصوبہ بندی، ٹریفک روانی اور شہری سہولتوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ لاہور میں پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے عوامی آگہی بھی ضروری ہے، جبکہ منظوری کے عمل میں پارکنگ کی دستیابی کو بنیادی شرط کے طور پر دیکھا جائے۔
انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں، سکولز، اکیڈمیز، جمز اور سپورٹس سنٹرز سے متعلق کیسز کی منظوری کے وقت پارکنگ کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیسز کی منظوری سے قبل متعلقہ اداروں سے واجب الادا غیر قانونی تبدیلی استعمال یا دیگر قابل اطلاق پینلٹی فیسز کا حصول بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں سکولز، پٹرول پمپس، بحالی مراکز، میڈیکل سنٹرز اور دیگر نوعیت کے مختلف کیسز پر غور کیا گیا اور قوانین کے مطابق متعدد کیسز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، چیف میٹرو پولیٹن پلانر، چیف ٹاؤن پلانر ون، چیف ٹاؤن پلانر ٹو سمیت ایل ڈی اے، ایم سی ایل، ٹیپا، واسا اور ڈی سی آفس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے تمام زونز کے ڈائریکٹرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔