تاریخ اشاعت: May 12, 2026 - 3:15 PM
LDA Launches Major Crackdown Against Illegal Commercial Buildings in Lahore, Seals 158 Properties
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 158 املاک سیل
▫️ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، پی آئی اے سکیم، گلشن راوی، گجرپورہ، سمن آباد، شادباغ اور سبزہ زار میں کارروائیاں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 158 املاک سربمہر کردیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، پی آئی اے سکیم، گلشن راوی، گجرپورہ، کینال روڈ، سمن آباد، شادباغ اور سبزہ زار سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔ کارروائیوں کے دوران غیرقانونی کمرشل استعمال، منظور شدہ لینڈ یوز کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر متعدد املاک کو سیل کیا گیا۔
حکام کے مطابق گلبرگ اور گارڈن ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 23 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ گلشن راوی، گجرپورہ، کینال روڈ، سمن آباد اور شادباغ میں 76 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسی طرح پی آئی اے سکیم میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 39 املاک سیل کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں بھی 20 املاک سربمہر کردیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، ہال، اکیڈمی، بیکری، فارمیسی، بیوٹی سیلون، کلینک، گراسری سٹور، ورکشاپ، کلاتھ شاپ، الیکٹرک سٹور، ریستوران، فوڈ پوائنٹ، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل یونٹس شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق شہر میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیرقانونی کمرشل استعمال، لینڈ یوز کی خلاف ورزی اور واجبات کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف آپریشن مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔