تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 3:50 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings in Lahore, Seals 134 Properties
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 134 املاک سیل
▫️ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گلشن راوی، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاؤن، اعظم گارڈن اور مصطفیٰ ٹاؤن میں کارروائیاں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل استعمال اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 134 املاک سیل کردیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گلشن راوی، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاؤن، اعظم گارڈن اور مصطفیٰ ٹاؤن میں آپریشن کیا۔ کارروائیوں کے دوران غیرقانونی کمرشل استعمال، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر متعدد املاک کو سیل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 46 املاک سیل کیں، جبکہ گلشن راوی، گجرپورہ اور نیو مسلم ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 63 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران اعظم گارڈن اور مصطفیٰ ٹاؤن میں بھی 46 املاک کو سربمہر کیا گیا۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمی، بیوٹی سیلون، کلینک، گروسری اسٹور، بیکری، فارمیسی، آٹو ورکشاپ، الیکٹرک سٹور، ریستوران، فوڈ پوائنٹ، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل یونٹس شامل ہیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔