تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 5:27 PM
Major Decision to Protect Rawal Dam from Pollution: Sewage Treatment Plants to be Installed on Drains
راول ڈیم کو آلودگی سے بچانے کے لیے بڑا فیصلہ، نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جائیں گے
▫️وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ، اسلام آباد سے قابضین اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کا فیصلہ، پارلیمنٹ لاجز، کیپیٹل پولیس کالج، نئے کنونشن سنٹر اور 11 تھانوں کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں راول ڈیم کے پانی کو آلودگی سے بچانے کے لیے اس میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں راول ڈیم کے تحفظ، اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں، پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک، کیپیٹل پولیس کالج کی اپ گریڈیشن، نئے کنونشن سنٹر اور نئے تھانوں کی تعمیر سمیت متعدد اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے راول ڈیم میں شامل ہونے والے نالوں کے گندے پانی سے پیدا ہونے والے مسائل پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ ڈیم کے پانی کو آلودگی سے محفوظ بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ راول ڈیم اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے پانی کا اہم ذریعہ ہے، اس لیے اس کے تحفظ کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبوں سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں اسلام آباد سے قابضین اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے حوالے سے جاری کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ آپریشن کلین اپ کسی دباؤ کے بغیر جاری رہے گا اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ منصوبے کو 30 جون تک مکمل کیا جائے تاکہ ارکان پارلیمنٹ کے لیے رہائشی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
کیپیٹل پولیس کالج کی اپ گریڈیشن پلان پر بھی اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کے لیے بیرکس تعمیر کی جائیں گی، جس کا مقصد اسلام آباد پولیس کی تربیتی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے لیے تین بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے ڈیزائن جمع کرا دیے ہیں، جن کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
حکام نے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں نئے تعمیر ہونے والے 11 تھانوں پر بھی کام جاری ہے، جس سے وفاقی دارالحکومت میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔