تاریخ اشاعت: May 14, 2026 - 8:50 PM
KDA Recovers Over 25 Acres of State Land in Major Anti Encroachment Operation in Surjani Town
سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے کا بڑا آپریشن، 25 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی واگزار
▫️سیکٹر 10 اور 13 میں عارضی و مستقل غیرقانونی تعمیرات اور بکنگ دفاتر مسمار
کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات اور غیرقانونی قبضوں کے خلاف بڑے آپریشن کے دوران 25 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرالی۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی کے ڈی اے کے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان کی نگرانی میں سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 10 اور سیکٹر 13 میں کی گئی، جہاں سرکاری اراضی پر قائم متعدد عارضی و مستقل غیرقانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر مجاز بکنگ دفاتر کو مسمار کردیا گیا۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق یہ آپریشن علاقے میں 100 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی پر قائم غیرقانونی تعمیرات اور قبضوں کے خلاف وسیع کارروائی کا حصہ تھا۔ بدھ کے روز شروع کیے گئے اس آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل رہی۔
کارروائی کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی، پتھراؤ کیا گیا اور مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی گئی، جس کے باعث اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے آپریشن بغیر کسی تعطل کے جاری رکھا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے ڈی اے کی ملکیتی اراضی پر کسی بھی قسم کا غیرقانونی قبضہ یا تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واگزار کرائی گئی اراضی کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔