تاریخ اشاعت: May 19, 2026 - 6:00 PM
FBR Urged to Frame Refund Policy for Section 7E and Super Tax Collections After Court Rulings
عدالتی فیصلوں کے بعد سیکشن 7 ای اور سپر ٹیکس کی وصولیوں پر ایف بی آر سے ریفنڈ پالیسی بنانے کا مطالبہ
▫️ڈیمڈ انکم ٹیکس اور سپر ٹیکس سے متعلق عدالتی فیصلوں کے بعد متاثرہ ٹیکس گزاروں کے لیے ریفنڈ، ریکوری اور یکساں پالیسی کا معاملہ اہم ہو گیا
عدالتی فیصلوں کے بعد انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 7 ای اور سپر ٹیکس کی دفعات کے تحت وصول کیے گئے ٹیکسز کے لیے واضح اور باضابطہ ریفنڈ پالیسی متعارف کرانے کے سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے رجوع کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل وحید شہزاد بٹ نے ایف بی آر چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کو ٹیکس پالیسی اور آپریشنز سے متعلق سینئر حکام کے ذریعے خط لکھا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ایسے ٹیکس گزاروں کے لیے باقاعدہ طریقہ کار بنایا جائے جن سے متنازع دفعات کے تحت رقوم وصول، ایڈجسٹ یا ریکور کی گئیں اور جو اب عدالتی فیصلوں کے بعد غیر قانونی یا بعض صورتوں میں ناقابل اطلاق قرار دی جا رہی ہیں۔
یہ درخواست ان عدالتی فیصلوں کے تناظر میں دی گئی ہے جن کا تعلق انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 7 ای سے ہے، جس کے تحت غیر منقولہ جائیداد پر ڈیمڈ انکم ٹیکس عائد کیا گیا تھا، جبکہ سیکشن 4 سی کے تحت زیادہ آمدن رکھنے والے افراد پر سپر ٹیکس لاگو کیا گیا تھا۔
سیکشن 7 ای فنانس ایکٹ 2022 کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا، جس کا اطلاق 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں پر ہوتا تھا۔ اس شق کے تحت ایف بی آر کی جانب سے طے کردہ فیئر مارکیٹ ویلیو کے پانچ فیصد کو بنیاد بنا کر ڈیمڈ انکم پر ٹیکس عائد کیا جاتا تھا۔ تاہم وفاقی آ ئینی عدالت نے سیکشن 7 ای کو غیر آئینی اور ابتدا ہی سے کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کے تحت جاری نوٹسز اور کارروائیاں بھی ختم کر دی تھیں۔
اس فیصلے کے بعد ان ٹیکس گزاروں کے لیے ایک اہم مسئلہ پیدا ہو گیا ہے جنہوں نے سیکشن 7 ای کے تحت پہلے ہی ٹیکس ادا کر دیا تھا یا جن کے خلاف اس شق کے تحت ریکوری کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسے ٹیکس گزاروں کو ریفنڈ کے لیے واضح راستے کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
سپر ٹیکس کے معاملے میں عدالت نے اس کی آئینی حیثیت برقرار رکھی، تاہم بعض مستثنیٰ کیپیٹل گینز کو اس کے دائرہ کار سے باہر قرار دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد سامنے آنے والی قانونی تشریحات کے مطابق سپر ٹیکس مستثنیٰ آمدن پر عائد نہیں کیا جا سکتا، جس میں وراثتی غیر منقولہ جائیداد یا مقررہ مدت سے زائد عرصہ تک رکھی گئی جائیدادوں سے حاصل ہونے والا کیپیٹل گین بھی شامل ہے۔
ایف بی آر کو دی گئی نمائندگی میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ عدالتی فیصلوں نے قانونی پوزیشن واضح کر دی ہے، تاہم سیکشن 7 ای یا سپر ٹیکس کے لیے اب تک کوئی مخصوص ریفنڈ میکانزم جاری نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال کے باعث وہ ٹیکس گزار جو ممکنہ طور پر ریفنڈ کے حق دار ہیں، درخواست دائر کرنے کے طریقہ کار، متعلقہ فورم اور مطلوبہ فارمیٹ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔
درخواست میں ایف بی آر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریفنڈ درخواستوں کے لیے پالیسی سطح پر واضح ہدایات جاری کی جائیں، فیلڈ فارمیشنز کو یکساں طرز عمل اختیار کرنے کی ہدایت دی جائے اور ایسی درخواستوں کی پروسیسنگ کے لیے درکار دستاویزات اور متعلقہ فورمز کی وضاحت کی جائے۔
ٹیکس ماہرین کے مطابق باضابطہ پالیسی غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کو کم کرنے، ٹیکس گزاروں میں پائی جانے والی الجھن دور کرنے اور مختلف ٹیکس دفاتر میں ریفنڈ کلیمز کے یکساں طریقہ کار کو یقینی بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ معاملہ اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ سیکشن 7 ای اور سپر ٹیکس دونوں نے بڑی تعداد میں جائیداد مالکان، سرمایہ کاروں اور زیادہ آمدن رکھنے والے ٹیکس گزاروں کو متاثر کیا ہے۔ واضح انتظامی فریم ورک نہ ہونے کی صورت میں متاثرہ افراد کو ان رقوم کی واپسی کے لیے انفرادی طور پر عدالتوں سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے جو عدالتی فیصلوں کے بعد غیر قانونی یا محدود اطلاق کے زمرے میں آ چکی ہیں۔