تاریخ اشاعت: January 23, 2026 - 11:15 AM
Heavy snowfall and blizzard feared in Murree as police issue 10 point travel advisory
مری میں شدید برفباری اور برفانی طوفان کا خدشہ، مری پولیس نے مری آنے والوں کے لیے 10 نکاتی ٹریفک و سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔
مری | ری نیوز پاکستان
مری اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور برفانی طوفان (blizzard) کے خدشے کے پیش نظر مری پولیس نے جمعرات کے روز 10 نکاتی ٹریفک اور سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز ...
مری | ری نیوز پاکستان
مری اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور برفانی طوفان (blizzard) کے خدشے کے پیش نظر مری پولیس نے جمعرات کے روز 10 نکاتی ٹریفک اور سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
مری پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کی ہدایت پر پولیس فورس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام سے موسم کی شدت میں اضافے اور شدید برفباری کے ساتھ برفانی طوفان کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں اور سیاحوں کے لیے احتیاط نہایت ضروری ہو گئی ہے۔
جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران مری کا غیر ضروری سفر مؤخر کیا جائے۔ تاہم جن افراد کے لیے سفر ناگزیر ہو، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو مکمل طور پر موسم سرما کے مطابق تیار رکھیں، سنو چینز کا استعمال یقینی بنائیں اور ایندھن کی ٹینکیاں مکمل بھری رکھیں تاکہ ممکنہ ٹریفک بندش یا تاخیر کی صورت میں مشکلات سے بچا جا سکے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ طویل ٹریفک رکاوٹ کے دوران گاڑی کے ہیٹر کا محتاط استعمال کیا جائے اور کاربن مونو آکسائیڈ کے خطرے سے بچاؤ کے لیے کھڑکیاں قدرے کھلی رکھی جائیں۔ ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور کم حدِ نگاہ اور برف سے ڈھکی پھسلن والی سڑکوں کے باعث رات کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت نامے کے مطابق مرکزی شاہراہوں اور کھڑی ڈھلوانوں پر گاڑیاں کھڑی کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے جبکہ سیاحوں کو صرف مخصوص پارکنگ مقامات استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ دھند کی صورت میں ہیڈلائٹس کے استعمال اور ہیزرڈ لائٹس صرف ہنگامی صورتحال میں استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
مری پولیس نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، چیک پوسٹس پر تعاون کریں اور روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پولیس ہیلپ لائن 15 یا ریسکیو 1122 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شدید برفباری اور برفانی طوفان کے خدشے کے باعث حکام نے اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر مری کی جانب جانے والی عام ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا ہے جبکہ صورتحال معمول پر آنے تک آمدورفت محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔