تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 10:05 AM
Call to Revise Building Bylaws, Adopt Smart Technologies and Green Designs to Tackle Climate Change
ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے بلڈنگ بائی لاز بدلنے، تعمیرات میں سمارٹ ٹیکنالوجیز اور گرین ڈیزائنز اپنانے پر زور
▫️گرین بلڈنگز کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی وسائل کی کمی اور ابتدائی لاگت کا زیادہ ہونا ہے، کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان
ماہرین نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے بلڈنگ بائی لاز کو بدلنے اور روایتی تعمیراتی طریقوں کو ترک کر کے جدید اور ماحول دوست طرزِ تعمیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ مطالبہ ایک مقامی ہوٹل میں EMPAK Strategies کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار میں کیا گیا، جہاں صنعت، پالیسی سازی اور ماحولیاتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ایئرپورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے تعمیراتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی بلڈنگ مینجمنٹ سسٹمز توانائی کے استعمال کو خودکار طریقے سے کنٹرول کر کے بجلی کے ضیاع اور کاربن اخراج میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمارٹ ڈیزائن سافٹ ویئر، جو موسمی حالات، درجہ حرارت اور ہوا کے بہاؤ کو مدنظر رکھتا ہے، زیادہ مضبوط اور ماحول دوست عمارتوں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان کے مطابق انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)، سینسرز اور ڈیٹا اینالیٹکس جیسی ٹیکنالوجیز کے ذریعے عمارتوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی ممکن ہے، جس سے پانی اور توانائی کے استعمال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور شہری سیلاب اور شدید گرمی جیسے موسمی خطرات سے نمٹنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ڈاکٹر محمد ارشد نے شہری تعمیرات میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے نظام کو لازمی قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے نظام کے ذریعے بارش کے پانی کو گھریلو اور تجارتی استعمال کے لیے محفوظ کیا جا سکتا ہے، جس سے زیرِ زمین پانی پر دباؤ کم ہوگا اور پانی کی دستیابی بہتر بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ بلڈنگ بائی لاز میں اس نظام کو شامل کر کے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیف ایڈوائزر ارشد داد نے کہا کہ گرین بلڈنگز کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی وسائل کی کمی اور ابتدائی لاگت کا زیادہ ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ماحول دوست عمارتوں کی تعمیر پر ابتدائی اخراجات زیادہ آتے ہیں، تاہم طویل مدت میں یہ توانائی، پانی اور دیکھ بھال کے اخراجات میں نمایاں کمی کے باعث زیادہ کفایتی ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے عالمی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی عمارتیں چند برسوں میں اپنی اضافی لاگت پوری کر لیتی ہیں، تاہم پاکستان میں مالی معاونت، سبسڈی اور آسان قرضوں کی عدم دستیابی کے باعث اس رجحان کو فروغ نہیں مل سکا۔
سیمینار کے اختتام پر ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پائیدار تعمیرات کے فروغ کے لیے ٹیکس مراعات، گرین فنانسنگ سکیمیں اور معاون پالیسی فریم ورک متعارف کرایا جائے، تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ طویل المدتی معاشی استحکام کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔