تاریخ اشاعت: January 4, 2026 - 4:21 PM
President Approves CDA Amendment Bill 2025, Major Legal Changes in Land Acquisition and Rehabilitation Framework.
صدرِ مملکت کی سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 کی منظوری، زمین کے حصول اور متاثرین کی بحالی کے قوانین میں بڑی تبدیلی
▫️ اسلام آباد میں زمین حاصل کرنے کے عمل میں قانونی اصلاحات، بحالی اور آبادکاری کو تحفظ.
▫️ معاوضے کی نئی شکلیں، تاخیر پر اضافی ادائیگی اور زیرِ التواء کیسز کے حل کی شقیں شامل.
اسلام آباد:
ری نیوز پاکستان | ReNews Pakistan
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ بل باضابطہ طور پر پارلیمنٹ کا ایکٹ بن گیا ہے۔ صدارتی من...
اسلام آباد:
ری نیوز پاکستان | ReNews Pakistan
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ بل باضابطہ طور پر پارلیمنٹ کا ایکٹ بن گیا ہے۔ صدارتی منظوری آئین کے آرٹیکل 254 کے تحت دی گئی، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد میں زمین کے حصول، معاوضے اور متاثرین کی بحالی سے متعلق قانونی فریم ورک میں اہم تبدیلیاں نافذ ہو گئی ہیں۔
یہ ترمیم سی ڈی اے آرڈیننس 1960 میں کی گئی ہے، جس کے ذریعے زمین حاصل کرنے کے عمل کو زیادہ منصفانہ اور منظم بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سے قبل مئی 2025 میں جاری کیا گیا سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس عارضی نوعیت کا تھا، جسے اب پارلیمنٹ سے منظور شدہ مستقل قانون کی شکل دے دی گئی ہے۔
بل کا پارلیمانی سفر مرحلہ وار مکمل ہوا۔ سینیٹ نے 7 نومبر 2025 کو بل کی منظوری دی، جبکہ 8 دسمبر 2025 کو قومی اسمبلی نے اسے بغیر کسی ترمیم کے منظور کیا۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بل کی منظوری کی تصدیق کی، اور جنوری 2026 کے آغاز میں صدرِ مملکت کے دستخط کے بعد یہ قانون نافذ ہو گیا۔
ترمیمی قانون کے تحت زمین کے حصول کے بدلے معاوضے کے طریقہ کار میں وسعت دی گئی ہے۔ اب متاثرین کو صرف نقد رقم کے بجائے متبادل زمین، پلاٹس یا دیگر مقررہ طریقوں سے بھی معاوضہ دیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ اگر معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ہو تو سالانہ 8 فیصد اضافی رقم ادا کرنے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔
قانون میں ڈپٹی کمشنرز کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ زمین اور عمارتوں کے لیے الگ الگ معاوضہ ایوارڈ جاری کریں، تاکہ جائیداد کی مختلف اقسام کا درست اور شفاف انداز میں تعین ہو سکے۔ خصوصی شقوں کے تحت معذور افراد، نابالغوں اور قانونی مجبوریوں کا شکار افراد کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
ایک اہم پہلو متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کو قانونی تحفظ دینا ہے۔ نئی ترامیم کے مطابق متاثرین کی زندگی کے معیار کی بحالی کو لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ سی ڈی اے سے جائیداد کی منتقلی اور resettlement کے عمل کو بھی قانونی کور فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اکتوبر 2025 سے پہلے کے زیرِ التواء کیسز کو بھی نئی ترامیم کے تحت نمٹانے کی شق شامل کی گئی ہے۔
پس منظر میں دیکھا جائے تو اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے زمین حاصل کرنے کے عمل پر طویل عرصے سے اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں، جن میں تاخیری ادائیگیاں، ناکافی معاوضہ اور متاثرین کی بحالی کے مسائل شامل تھے۔ ترمیمی بل 2025 ان شکایات کے ازالے اور زمین مالکان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک نیا قانونی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے۔
نئی قانون سازی کے بعد اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں، زمین کے حصول اور متاثرین کی بحالی سے متعلق فیصلوں میں زیادہ وضاحت، قانونی تحفظ اور طریقہ کار میں بہتری متوقع ہے.