تاریخ اشاعت: May 8, 2026 - 9:50 AM
Progress in PM’s Apna Ghar Programme: Over Rs 5 Billion in Loans Disbursed to 1,845 Families
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں پیش رفت، 1845 خاندانوں کو 5 ارب روپے سے زائد قرضے جاری
▫️چار برس میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف، 25 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے 8990 منظور
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد مالیت کے رعایتی قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ چار برسوں کے دوران ملک بھر میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکریٹری قانون و انصاف نے ارکان کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، اس کے نفاذ کے فریم ورک، ہاؤسنگ فنانس کی صورتحال اور فورکلوژر قوانین میں مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے جس کا مقصد متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو اپنی رہائش کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس پر 5 فیصد مقررہ مارک اپ عائد ہوگا جبکہ قرض کی واپسی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے۔ سکیم میں فنانسنگ کا تناسب 90:10 مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 30 اپریل 2026 تک مجموعی طور پر 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 8 ہزار 990 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔ منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت 37 ارب 15 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 1845 مستحق افراد کو اب تک 5 ارب 7 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی جا چکی ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ اب بھی محدود اور غیر ترقی یافتہ ہے، جس کی ایک بڑی وجہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو درپیش قانونی اور ریکوری سے متعلق خدشات ہیں۔ حکام کے مطابق فورکلوژر اور قرض ریکوری قوانین میں اصلاحات کے بغیر مارگیج فنانسنگ کے شعبے میں مطلوبہ پیش رفت ممکن نہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مجوزہ اصلاحات کا مقصد بینکوں کے خدشات کم کرنا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور ہاؤسنگ فنانس سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینا ہے تاکہ مالیاتی ادارے زیادہ سے زیادہ افراد کو گھروں کی تعمیر اور خریداری کیلئے قرض فراہم کر سکیں۔
قائمہ کمیٹی نے اس موقع پر زور دیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہاؤسنگ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جامع ساختی اصلاحات، مؤثر ریگولیٹری نظام اور جدید مارگیج فنانسنگ ماڈلز متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ مناسب قانونی تحفظ اور شفاف ریکوری نظام کے ذریعے نہ صرف بینکنگ شعبے کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ عام شہریوں کیلئے اپنے گھر کا خواب بھی حقیقت بن سکے گا۔