تاریخ اشاعت: March 23, 2026 - 6:00 PM
Akram Wah Canal Re-Lining Approved to Tackle Water Shortage in Sindh Farmlands
اکرم واہ نہر کی ری لائننگ کا فیصلہ، زرعی پانی کی قلت پر قابو پانے کی بڑی پیش رفت
▫️ورلڈ بینک کے تعاون سے 320 ملین ڈالر کا منصوبہ، کھریف سیزن کے بعد کام کا آغاز متوقع
حیدر آباد | ری نیوز پاکستان کوٹری بیراج کی بائیں کنارے واقع مستقل نہر اکرم واہ کی ری لائننگ کو زرعی اراضی میں پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کا حتمی حل قرار دے دیا گیا ہے، خصوصاً نہر کے آخری سروں (ٹیل اینڈ) پر واقع علاقوں کیلئے یہ اقدام ...
کوٹری بیراج کی بائیں کنارے واقع مستقل نہر اکرم واہ کی ری لائننگ کو زرعی اراضی میں پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کا حتمی حل قرار دے دیا گیا ہے، خصوصاً نہر کے آخری سروں (ٹیل اینڈ) پر واقع علاقوں کیلئے یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف رساؤ (سیپیج) کے باعث ضائع ہونے والا میٹھا پانی محفوظ ہوگا بلکہ نہر کو اپنی ڈیزائن کردہ گنجائش کے مطابق پانی کی ترسیل کے قابل بھی بنایا جا سکے گا، جو کہ 1950 کی دہائی میں تعمیر کے بعد سے تاحال ممکن نہ ہو سکا۔
یہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (SWAT) پروگرام کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لاگت 320 ملین ڈالر ہے۔ منصوبے میں زراعت اور آبپاشی کے شعبوں کو علیحدہ اجزاء کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کیلئے خریداری (پروکیورمنٹ) کا عمل آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا، تاہم نہر کی ری لائننگ کا باقاعدہ آغاز کھریف سیزن کے اختتام کے بعد ہوگا، کیونکہ گرمیوں میں فصلوں کی کاشت کے دوران پانی کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث اس عرصے میں تعمیراتی کام ممکن نہیں۔
اکرم واہ کی بحالی اور ری لائننگ کا فیصلہ پراجیکٹ امپلیمینٹیشن کنسلٹنٹس (PICs) کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا، جن میں نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) اور ایسوسی ایٹڈ کنسلٹنگ انجینئرز (ACE) شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نہر کے ابتدائی حصے RD-0 سے RD-193 تک ری لائننگ کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ زمین میں جذب ہونے والے پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
سندھ واٹر کمپوننٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جمال منگن کے مطابق اکرم واہ کی بحالی کے اس منصوبے کی لاگت تقریباً 21 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ پراجیکٹ کنسلٹنٹس نے اس سے قبل واٹر سیکٹر امپروومنٹ پروجیکٹ (WSIP) کے تحت تیار کردہ فزیبلٹی رپورٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا، جسے سندھ اریگیشن اینڈ ڈرینیج اتھارٹی (SIDA) نے مکمل کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ پانی کے مؤثر استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا، جبکہ ٹیل اینڈ کے کسانوں کو پانی کی منصفانہ فراہمی ممکن ہوگی۔
کاشتکاروں اور مقامی زرعی حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبہ بروقت مکمل ہو کر صوبے میں آبپاشی کے نظام کو مزید مستحکم کرے گا۔