تاریخ اشاعت: November 26, 2026 - 10:01 AM
CDA Approves Islamabad Avenue and Plans Commercial Development Along 3.8km Road
سی ڈی اے نے 3.8 کلومیٹر طویل اسلام آباد ایونیو کی منظوری دے دی، شاہراہ کے اطراف کمرشل منصوبے تعمیر کرنے کی تیاری
▫️ پارک روڈ کو مارگلہ انکلیو سے ملانے والی نئی شاہراہ پر مجوزہ تعمیراتی ضوابط کے تحت تجارتی اور کثیرالمقاصد منصوبے قائم کیے جائیں گے
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بورڈ نے اسلام آباد میں پارک روڈ سے مارگلہ انکلیو کو ملانے والی زیرِ تعمیر 3.8 کلومیٹر طویل شاہراہ کا نام اسلام آباد ایونیو رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
سی ڈی اے اسلام آباد ایونیو کے 1.9 کلومیٹر طویل حصے کے دونوں اطراف مشترکہ منصوبے کے تحت کمرشل پراجیکٹس تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم اس کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہوں گے۔ اتھارٹی اس حصے کے دونوں جانب واقع اراضی کی ملکیت کا دعویٰ کرتی ہے، جس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو ماضی میں لیز پر دی گئی ملحقہ زمین بھی شامل ہے۔ شاہراہ کے باقی 1.9 کلومیٹر حصے کے اطراف اراضی نجی مالکان کی ملکیت ہے، جہاں متعلقہ مالکان اپنے منصوبے تعمیر کرسکیں گے۔ یہ پیش رفت وفاقی حکومت کی جانب سے زوننگ قوانین میں ترامیم کے بعد سامنے آئی ہے، جن کے تحت پہلے محفوظ زون تھری میں شامل شاہراہ کے علاقے کو اب زون فور کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے بورڈ نے تعمیراتی نقشوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے اور پراپرٹی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں سیکٹر ای بارہ فور میں مرکزی شاہراہ اور سروس روڈ سمیت ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کے اقدامات کی منظوری دی گئی، جبکہ رہائشی سیکٹرز میں پلاٹوں کی تقسیم سے متعلق زیر التوا مقدمات اور درخواستیں نمٹانے اور متعلقہ فیسوں پر نظرثانی کی ہدایت بھی کی گئی۔ بورڈ نے کیپیٹل اسپتال میں طبی سہولتوں کی بہتری کے لیے سی ڈی اے ہیلتھ فاؤنڈیشن کے قیام اور ادارہ جاتی نجی پریکٹس شروع کرنے کی منظوری بھی دی۔