فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے سرسید ٹاؤن کے بلاک ای میں رہائشی جائیدادوں کے غیر قانونی تجارتی استعمال پر چار پلاٹ سیل کردیے ہیں۔ ایف ڈی اے کے ترجمان کے مطابق متعلقہ جائیداد مالکان کو متعدد بار نوٹس جاری کرکے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کمرشلائزیشن کی باقاعدہ منظوری حاصل کریں اور مقررہ فیسیں جمع کرائیں۔ تاہم قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر اتھارٹی نے ان کے خلاف کارروائی کی۔
ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو کی نگرانی میں اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر اسلم گجر اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل انفورسمنٹ ٹیم نے لینڈ یوز قوانین کی خلاف ورزی پر چاروں جائیدادیں سیل کردیں۔ اتھارٹی نے متعلقہ مالکان کے خلاف چالان بھی مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے ہیں۔
ایف ڈی اے کے ترجمان نے واضح کیا کہ رہائشی علاقوں میں بغیر اجازت تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جائیداد مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ رہائشی عمارتوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے قبل متعلقہ ادارے سے ضروری منظوری حاصل کریں۔ اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور رہائشی آبادیوں کی اصل حیثیت برقرار رکھنا ہے۔