تاریخ اشاعت: October 10, 2026 - 11:10 AM
Funding Shortfall of Rs 800 Million Puts Timely Completion of Neela Gumbad, Nasir Bagh Parking Plazas in Doubt
مزید 80 کروڑ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث نیلا گنبد، ناصر باغ پارکنگ پلازوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی
▫️ ٹیپا نے 70 فیصد تک تعمیراتی کام مکمل ہونے کی تصدیق کردی، فنشنگ اور درآمدی سامان کی خریداری کیلئے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ
لاہور: ری نیوز پاکستانلاہور میں پارکنگ کی سہولیات بہتر بنانے اور شہر کے مصروف کمرشل و تاریخی علاقوں میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل کم کرنے کیلئے زیر تعمیر نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازوں پر 60 سے 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہ...
لاہور میں پارکنگ کی سہولیات بہتر بنانے اور شہر کے مصروف کمرشل و تاریخی علاقوں میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل کم کرنے کیلئے زیر تعمیر نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازوں پر 60 سے 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم 80 کروڑ روپے کے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث دونوں منصوبوں کی اکتوبر 2026 میں مقررہ مدت کے اندر تکمیل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔
ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا) کے حکام کے مطابق نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازوں کے گرے اسٹرکچر کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ منصوبوں پر فنشنگ کے کام کا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں منصوبوں کے باقی ماندہ تعمیراتی اور فنشنگ کام کی تکمیل کیلئے مزید 80 کروڑ روپے درکار ہیں۔ ان فنڈز سے درآمدی سامان کی خریداری کے آرڈرز دینے کے علاوہ دیگر ضروری تعمیراتی اور تکمیلی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
ٹیپا حکام کے مطابق مطلوبہ فنڈز کے اجرا کیلئے پنجاب حکومت اور والڈ سٹی کے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ خطوط ارسال کیے جاچکے ہیں، جن میں منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مالی وسائل کی فوری فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
تاہم بار بار درخواستوں اور فنڈز کی فوری ضرورت سے آگاہ کرنے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال مطلوبہ رقم فراہم نہیں کی جاسکی، جس کے باعث دونوں پارکنگ پلازوں کے باقی ماندہ کام کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر مطلوبہ فنڈز فوری طور پر جاری کردیے جائیں تو نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنا اب بھی ممکن ہے، تاہم مالی وسائل کی فراہمی میں مزید تاخیر کی صورت میں منصوبوں کی تکمیل کیلئے مقررہ اکتوبر 2026 کی ڈیڈ لائن متاثر ہوسکتی ہے۔
نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازے پنجاب حکومت کے ترجیحی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیں، جن کا مقصد لاہور کے مصروف علاقوں میں پارکنگ کی سہولیات میں اضافہ اور شہریوں کو گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے منظم جگہیں فراہم کرنا ہے۔
دونوں منصوبوں کی تعمیر میں نمایاں پیش رفت کے باوجود فنڈز کی عدم دستیابی ایک اہم رکاوٹ بن چکی ہے اور ان کی بروقت تکمیل کا انحصار اب پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے باقی ماندہ مالی وسائل کے فوری اجرا پر ہے