تاریخ اشاعت: August 20, 2026 - 3:17 PM
LCCI Calls for Business Community’s Proposals to Be Incorporated into National Integrated Energy Plan
ایل سی سی آئی کا نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان میں کاروباری شعبے کی تجاویز شامل کرنے کا مطالبہ
▫️لاہور چیمبر کیطرف سے 2027 سے 2060 تک کے توانائی منصوبے کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی منظوری کا خیرمقدم ، صنعت، تجارت اور برآمدات کیلئے سستی اور قابلِ اعتماد توانائی کو پالیسی کا بنیادی حصہ بنانے پر زور
لاہور : ری نیوز پاکستان
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027-2060 کی تیاری اور عملدرآمد میں ملک کے چیمبرز آف کامرس، صنعتی تنظیموں اور کاروباری شعبے کی تجاویز کو مؤثر انداز میں شامل کیا جائے تاکہ طویل مدتی توانائی پالیسی صنعت کی حقیقی ضروریات، پیداواری لاگت اور برآمدی مسابقت کو سامنے رکھ کر تشکیل دی جا سکے۔
لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان کے اعلیٰ سطح کے ڈیزائن کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے توانائی نظام کو زیادہ مؤثر، سستا، قابلِ اعتماد اور پائیدار بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی پیداوار میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کیلئے ایسی طویل مدتی توانائی پالیسی ضروری ہے جس میں بجلی اور دیگر توانائی ذرائع کی دستیابی کے ساتھ ان کی قیمت اور صنعت پر پڑنے والے مالی اثرات کو بھی بنیادی اہمیت دی جائے۔
وفاقی سطح پر اس منصوبے میں حالیہ پیش رفت 18 اگست کو سامنے آئی، جب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے نیشنل انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027-2060 کی اعلیٰ سطحی ڈیزائن رپورٹ کی منظوری دی۔ سرکاری فیصلے کے مطابق منصوبے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ دیگر متعلقہ فریقوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان میں توانائی تحفظ اور معاشی مسابقت کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے تحت صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب قیمت پر بجلی اور توانائی کی فراہمی کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کے ساتھ کم کاربن اخراج والی بجلی، ماحول دوست توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل ذرائع کو فروغ دینے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔