تاریخ اشاعت: August 27, 2026 - 3:17 PM
LDA Seals 81 Properties in Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings in Lahore
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 81 املاک سیل
▫️سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینکس، فارمیسیز، ریسٹورنٹس، کیفے، دکانیں، شورومز اور دفاتر شامل، بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 81 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، کینال روڈ، گلشن راوی، شادباغ، شاہ جمال، پونچھ روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کی گئیں۔ گلبرگ میں غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 املاک سیل کی گئیں۔
کینال روڈ، گلشن راوی، شادباغ، شاہ جمال اور پونچھ روڈ میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 40 املاک سیل کی گئیں، جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں 11 املاک سیل کی گئیں۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، گروسری سٹورز، بیوٹی سیلون، کیفے، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، کلینکس، فارمیسیز، دکانیں، شورومز، آٹو ورکشاپس اور دفاتر سمیت مختلف کمرشل ادارے شامل ہیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیرنگرانی کیا گیا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہر میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندہ مالکان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کمرشل ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔