تاریخ اشاعت: August 20, 2026 - 3:11 PM
LESCO Achieves Zero Overbilling, Begins Recovery of Rs93 Billion in Outstanding Dues, Says LESCO Chief During Visit to Lahore Press Club
لیسکو میں اووربلنگ صفر، 93 ارب روپے کے بقایاجات کی وصولی شروع کر دی: چیف لیسکو کی دورہ لاہور پریس کلب کے موقع پر گفتگو
▫️ ریکوری 101 فیصد تک پہنچ گئی، نجی طور پر ٹرانسفارمرز کی مرمت پر مکمل پابندی، چار پانچ گھنٹے سے زیادہ بجلی بند رہنے پر متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا: رمضان بٹ
لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آ فیسر انجینئر رمضان بٹ نے کہا ہے کہ کمپنی میں بجلی چوری یا ریکوری کے حوالے سے اب کوئی نو گو ایریا نہیں، جبکہ ریکوری کی شرح 101 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اووربلنگ کو ختم کر دیا گیا ہے۔
لاہور پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان بٹ نے بتایا کہ تقریباً دس سال سے واجب الادا 93 ارب روپے کے بقایاجات کی وصولی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ان کے مطابق یہ رقم بڑے صنعتی صارفین سمیت مختلف نادہندگان کے ذمے تھی، جس کی وصولی کیلئے اب کارروائی کی جا رہی ہے۔
رمضان بٹ نے کہا کہ اووربلنگ کا خاتمہ، سو فیصد ریکوری اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنا لیسکو کی اہم ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمرز کی نجی طور پر مرمت کرانے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ زیادہ لوڈ کے باعث خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
لیسکو چیف نے واضح کیا کہ اگر کسی علاقے میں چار سے پانچ گھنٹے سے زیادہ بجلی بند رہتی ہے تو متعلقہ افسر کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے رمضان بٹ کا استقبال کیا اور صارفین کے مسائل کے حل کیلئے لیسکو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بجلی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔