تاریخ اشاعت: July 15, 2026 - 2:54 PM
Bank Alfalah Launches Urban Forestry Project in Karachi in Partnership with Indus Earth Trust
بینک الفلاح نے انڈس ارتھ ٹرسٹ کیساتھ اشتراک سے کراچی میں اربن فاریسٹری منصوبہ شروع کر دیا
▫️منصوبہ فضائی معیار بہتر بنانے اور موسمیاتی اثرات کم کرنے میں مدد دے گا، الفلاح بینک کی گرین فنانسنگ کا حجم 24 ارب روپے تک پہنچ گیا
بینک الفلاح نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور انڈس ارتھ ٹرسٹ کے اشتراک سے کلفٹن کے ابنِ قاسم پارک میں اپنے پہلے اربن فاریسٹری منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کیلئے ابتدائی طور پر 30 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب کے دوران بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ اور انڈس ارتھ ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز علی ابڑو نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جس کے تحت منصوبے پر مشترکہ طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت بینک الفلاح ابنِ قاسم پارک کے ایک مخصوص حصے میں ابتدائی شجرکاری اور شہری جنگلات کی تیاری کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ منصوبے کا مقصد کراچی میں بڑھتی ہوئی شہری گرمی کے اثرات کم کرنا، فضائی معیار بہتر بنانا، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا اور شہر کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر علامتی شجرکاری بھی کی گئی۔
بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور انڈس ارتھ ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک کراچی کے بہتر اور سرسبز مستقبل کیلئے اجتماعی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارکس ہر شہر کے پھیپھڑوں کی حیثیت رکھتے ہیں اور کراچی کو مزید سبز مقامات کی ضرورت ہے۔ بینک اپنے شراکت داروں کے ساتھ ایسے منصوبوں کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے جو شہر کے سبز رقبے میں اضافہ، صحت مند ماحول کی فراہمی اور موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں کراچی کی استعداد بہتر بنائیں۔
انڈس ارتھ ٹرسٹ کی صدر عافیہ سلام نے کہا کہ یہ شراکت داری اس بات کی مثال ہے کہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے درمیان تعاون کس طرح ماحولیاتی بحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت مقامی اقسام کے پودے لگائے جائیں گے تاکہ کمیونٹی کی شمولیت اور نگرانی کے ذریعے خود کفیل اور پائیدار سبز مقامات تشکیل دیے جا سکیں، جو آنے والی نسلوں تک ماحول اور مقامی آبادی کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں۔
اربن فاریسٹری منصوبہ بینک الفلاح کے وسیع تر ماحولیاتی اور پائیدار ترقی کے پروگرام کا حصہ ہے۔ بینک ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک سے 2030 تک ایک لاکھ مینگرووز لگانے کے ہدف پر بھی کام کر رہا ہے۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کے تعاون سے بینک کراچی میں فضائی معیار کی نگرانی کیلئے سات مانیٹرنگ سٹیشنز کی تنصیب میں معاونت کر چکا ہے، جبکہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں ایئر کوالٹی لیبارٹری کے قیام میں بھی تعاون فراہم کر رہا ہے۔
تقریب کے دوران بینک الفلاح نے اپنی چوتھی سالانہ سسٹین ایبلٹی رپورٹ بھی جاری کی، جس میں ماحولیاتی، سماجی اور کارپوریٹ گورننس سے متعلق اقدامات اور پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بینک الفلاح نے 24 ارب روپے کی گرین فنانسنگ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے 75 ارب 20 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی ہے، جو پائیدار ترقی، ماحولیاتی ذمہ داری اور جامع معاشی نمو کیلئے بینک کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔